اگر اپنا حق مانگنے سے نہ ملے تو اسے چھین لیں،نواز شریف
اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے پچھلے 70 سالوں سے ملک کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے اس سے بغاوت کرتا ہوں،مخالفین نے پچھلے چار سالوں میں کام نہیں کرنے دیا۔
بہاولپور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ ایسا جشن کبھی نہیں دیکھا، یہ الیکشن سے پہلے الیکشن ہوگیا بلکہ ریفرنڈم بھی ہوگیا۔چار سال مخالفین نے کبھی دھرنے، جلسے جلوس اور کبھی عدالتوں میں گئے لیکن (ن) لیگ اور نوازشریف نے پاکستان کے بڑے بڑے مسائل ختم کردیئے
نواز شریف نے کہاہم نے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیا، بجلی واپس لے آئے، ہمیں ناز ہے ہم نے ملک کے بڑے مسائل ختم کردیئے۔ کیا کسی بھی پارٹی نے کبھی کوئی موٹروے بنائی؟ کیا کسی نے اتنے بجلی کے کارخانے لگائے؟ کیا کسی نے دہشت گردی کا خاتمہ کیا؟ یہ سب ٹانگیں کھینچنے والے لوگ ہیں، ان کی ٹانگیں اب عوام نے کھنیچنی ہیں۔
نوازشریف نے کہا کہ ملک کے ساتھ 70 سالوں سے ہماری نسلوں کے ساتھ ظلم ہوئے ہیں، ہم نے 70 سالوں میں بہت ٹھوکریں کھائی ہیں، پاکستان کو تباہ و برباد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی، جو کچھ ملک کے ساتھ ان 70 سالوں سے ہورہا ہے اس سے بغاوت کا اعلان کرتا ہوں۔
انھوں نے کہا ہمارے آئندہ 70 سال پچھلے 70 سالوں سے بہت بہتر ہونے چاہئیں اور وہ تب بہتر ہوں گے جب ہم اپنا حق مانگیں گے۔
اگر اپنا حق مانگنے سے نہ ملے تو اسے چھین لیں، ہم یہ طے کریں گے کہ اپنے ووٹ کی عزت کرائیں گے، یہ عوام کا مجھ سے وعدہ ہونا چاہیے۔
Comments are closed.