عالمی میڈیا کا دوہرہ معیار، ہانگ کانگ پر شور، کشمیر پر خاموش، عمران خان
اسلام آباد (زمینی حقائق ڈاٹ کام) وزیراعظم عمران خان نے عالمی میڈیا کی تفریق اور دوہرے معیار پر حیرت کا اظہار کیا ہے عمران خان کہتے ہیں عالمی میڈیا ہانگ کانگ میں احتجاج تو دکھا رہا ہے لیکن مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو نظر انداز کر رہا ہے۔
عمران خان نے ٹویٹر پر بیان میں کہا ہے کہ عالمی میڈیا کے دوہرے معیار پر حیرت زدہ ہوں کیونکہ وہ ہانگ کانگ کے مظاہروں پر تو شور شہ سرخیاں جماتا ہے مگر کشمیر میں انسانی حقوق کے سنگین بحران پر خاموش اور نظریں چرا لیتا ہے۔
وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ کشمیر عالمی طور پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے جس پر بھارت نے 9 لاکھ فوجیوں کے مدد سے 80 لاکھ کشمیریوں کو محصور کر کے غیر قانونی طور ہر قبضہ کر رکھا ہے۔
عمران خان نے عالمی میڈیا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ 2 ماہ سے زائد عرصے سے ذرائع ابلاغ کی مکمل تالہ بندی، بچوں اور سیاسی قائدین سمیت ہزاروں کو قید میں ڈال کر کشمیر میں انسانی المیے کو جنم دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تین دہائیوں میں حق خودارادیت، جس کا سلامتی کونسل کی قرادادوں کے ذریعے وعدہ کیا گیا تھا اس کے لیے جدوجہد کرنے والے ایک لاکھ کشمیری قتل کیے جا چکے ہیں۔
یاد رہے کہ 5 اگست کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے آئین کے آرٹیکل 370 ختم کر کے جموں و کشمیر اور لداخ کو زبردستی بھارتی یونین کا حصہ بنا دیا تھا اور تاحال وہاں کرفیو نافذ ہے.
وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کے 74 ویں جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت پچاس منٹ کی طویل تقریر کرکےبھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا تھا.
Comments are closed.