نوازشریف نے ن لیگ کی آزادی مارچ میں شرکت کی ہدایت کر دی ہے، کیپٹن صفدر
فاہل فوٹو
لاہور(ویب ڈیسک )مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی کیپٹن صفدر نے کہا ہے کہ نوازشریف نے فضل الرحمان کے آزادی مارچ میں شرکت کی ہدایت کی ہے۔
نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل لاہور میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیپٹن صفدر نے کہا کہ فضل الرحمان آزادی مارچ کے دلہا ہیں اور ہم انکے ساتھ کھڑے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے تمام رہنما نواز شریف کی قیادت میں متفق ہیں، نواز شریف اور مریم نواز پر عزم ہیں اور فیصلہ کیا ہے کہ ہم نے مولانا فضل الرحمان کے دھرنے میں شرکت کرنی ہے۔
کیپٹن صفدر نے کہا کہ مسلم لیگ ن مولانا فضل الرحمان کو آزادی مارچ میں شرکت پر تین دفعہ قبول ہے کہہ چکی ہے، دھرنے کے قائد مولانا فضل الرحمان اور ہم سب مقتدی ہوں گے۔
کیپٹن صفدر نے کہا آزادی مارچ کے دلہا مولانا فضل الرحمان اور جو گھر جائے گی وہ دلہن ہوگی، نوازشریف نے پیغام دیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ میں ضرور شرکت کریں گے۔
کیپٹن صفدر نے مزید کہا کہ ملک میں جب آئین شکنی ہوگی اس کا آدھا گناہ جنرل ایوب کے سر جائے گا، بھٹو کا قاتل ضیاء الحق آمر تھا جو اسلام کے نام پر دیوار پھلانگ کر آیاتھا، تمام ڈکٹیٹروں کے گناہوں کا 75 فیصد حصہ ضیاالحق کے نام جائے گا جس نے اسلام کا نام استعمال کیا۔
Comments are closed.