عامر لیاقت حسین کو جے یو آئی کا5ارب روپے ہرجانے کانوٹس


اسلام آباد(ویب ڈیسک)تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کو جے یو آئی نے سوشل میڈیا پر جعلی نوٹی فکیشن شیئر کرنے پر 5 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا ۔


عامر لیاقت حسین کا وہ ٹوئٹ جس پر ہرجانے کا نوٹس بھیجا گیا

جمعیت علمائے اسلام کے جنرل سیکریٹری مولانا عبدالغور حیدری نے سپریم کورٹ کے وکیل کامران مرتضیٰ کے ذریعے قانونی نوٹس بھیجتے ہوئے کہا ہے کہ 15 دن کے اندر اپنے تمام ٹوئٹس ڈیلیٹ کرکے جمعیت علمائے اسلام کے رہنماوٴں، کارکنان اور حامیوں سے معافی مانگی جائے۔
ہرجانہ کے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پارٹی قائدین، کارکنان اور حامیوں کی ساکھ کو پہنچائے گئے نقصان کا ازالہ کرنے کیلئے 5 ارب روپے ادا کیے جائیں۔

لیگل نوٹس کے مطابق اگر عامر لیاقت نے 15 دن کے اندر ہرجانہ ادا کرکے معافی نہ مانگی تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔

تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین اور وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے گزشتہ روز جمعیت علمائے اسلام سے منسوب جعلی ’ہدایت نامہ‘ ٹوئٹ کیا تھا۔

جمعیت علمائے اسلام کے جنرل سیکریٹری عبدالغفور حیدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مذکورہ ہدایت نامے کو جعلی اور تحریک انصاف کی سازش قرار دے کر اس کی مذمت کی۔

فواد چوہدری نے بعد ازاں اپنا ٹوئٹ ڈیلیٹ کردیا جبکہ عامر لیاقت حسین اس کے بعد بھی مسلسل جعلی نوٹی فکیشنز شیئر کرتے رہے جس میں ڈپٹی کمشنر اسلام کا جعلی نوٹی فکیشن بھی شامل تھا۔

اس پرڈپٹی کمشنر اسلام نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاوٴنٹ سے مذکورہ نوٹی فکیشن شیئر کیا اور اسے جعلی قرار دیا تھا مگر عامر لیاقت حسین اپنے ٹوئٹ ڈیلیٹ کرنے کے بجائے ان پر ڈٹے رہے۔

Comments are closed.