آزاد کشمیر سے ہزاروں افراد کا ایل او سی کی جانب آزادی مارچ
مظفر آباد(ویب ڈیسک) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کی کال پر آزاد کشمیر بھر سے آنے والے ہزاروں افراد کے قافلے نےچکوٹھی سے لائن آف کنٹرول عبور کرنے کے لئے مارچ شروع کردیا.
شرکاء اپر اڈاہ میں جمع ہوئے جس کے بعد پیدل سیز فائر لائن کی جانب مارچ شروع کیا اس مارچ کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے نفاذ اور انسانیت سوز مظالم پر عالمی دنیا کی توجہ مبذول کروانا ہے۔
جے کے ایل ایف کے اس آزادی مارچ میں بزرگ، خواتین اور ہزاروں کی تعداد میں نوجوان شریک ہیں۔ مارچ کے شرکاء کو لائن آف کنٹرول کی طرف بڑھنے سے روکنے کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حکمت عملی ترتیب دے دی ہے۔
ادھرکمشنر مظفرآباد ڈویژن نے کہا ہے کہ مارچ کرنے والے شہریوں پر بھارتی فوج کی فائرنگ اور گولہ باری کا خدشہ ہے، جس سے شہریوں کو شدید جانی نقصان ہو سکتا ہے۔
کمشنر مظفرآباد نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے نزدیک عوامی اجتماع قیمتی جانوں کے ضیاع کا موجب بن سکتا ہے، جلوس کے شرکاء سے اپیل ہے کہ ایل او سی کے قریب اجتماع سے پرہیز کریں۔
مارچ میں شامل افراد پرجوش ہیں اورکشمیر پر بھارتی تسلط کے خلاف احتجاج اور نعرے بازی کر رہے ہیں، کسی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کےلئے پولیس کی بڑی نفری تعینات ہے جو شرکاء کو آگے بڑھنے سے روکے گی.
Comments are closed.