لاہور جیل میں صاحبزادی کے موبائل سے زبردست معلومات ملی ہیں، شیخ رشید
اسلام آباد (ویب ڈیسک)وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کسی کا نام لیے بغیر کہا ہے کہ لاہور جیل میں ایک صاحبزادی سے پکڑے گئے موبائل سے زبردست معلومات حاصل ہوئی ہیں۔
کراچی میں جمعہ کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا خاتون سے پکڑے سے گئے موبائل سے زبردست انفارمیشن حاصل ہوئی ہے، جو لوگ رابطے میں تھے سارے لوگوں سے متعلق موبائل فون میں ریکارڈ موجود ہے۔
شیخ رشید نے اپنے دعوے میں کسی کا نام نہیں لیا لیکن اس وقت مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں۔
انھوں نے کہا مجھے اطلاعات تھیں کہ مولانا فضل الرحمان احتجاج نہ کرنے پر راضی تھے، 24 گھنٹوں میں کیا ہوا سمجھ نہیں آ رہا، دو بڑی جماعتیں اس مارچ میں شامل نہیں ہونا چاہتیں لیکن انکار بھی نہیں کرنا چاہتیں.
انہوں نے کہا کہ کرپٹ سیاستدانوں نے ملک کو لوٹا اور نوچ کر کھایا جب کہ عمران خان نے اس ملک کو ڈوبنے سے بچایا۔
شیخ رشید نے کہا کہ مجھے پوری امید ہے کہ عمران خان 5 سال پورے کریں گے، عمران خان کی قیادت میں حالات اور معیشت بہتر ہو گی۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ صرف 5 لوگوں کو این آر او دینے کا معاملہ ہے، جس دن این آر او ملا یہ سب تحریکیں ختم ہو جائیں گی، اگر عمران خان پانچ آدمیوں کو چھوڑ دیں تو دھرنوں کا دھڑن تختہ ہو جائے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آج بلاول اور زرداری کی سیاست مختلف اور نواز شریف و شہباز شریف کی سیاست مختلف ہے، ن لیگ کے دو ٹکڑے ہو چکے ہیں، شہباز شریف چاہیں تو گھر بیٹھیں۔
Comments are closed.