فضل الرحمان اپنی ڈوبتی سیاست بچارہے ہیں، وزیراعظم عمران خان


اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے مولانا فضل الرحمان اس لئے پریشان ہیں کہ مدارس میں اصلاحات ہوگئیں تو مدارس کے طلبہ کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہیں کیا جاسکے گا وہ اپنی ڈوبتی ہوئی سیاست بچانے کی کوشش میں ہیں۔

اسلام آباد اعلیٰ سطح کااجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا جس میں ملک کی معاشی و سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین، چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبوں پر پیشرفت پر بات چیت کی گئی۔

اس حوالے سے جیو نیوز نے ذرائع سے خبر دی ہے کہ اجلاس میں مولانا فضل الرحمان کی طرف سے آزادی مارچ کے اعلان پر بھی گفتگو ہوئی اور وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اپنی ڈوبتی سیاست بچا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ احتساب کے معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، حکومت عوام کے جان و مال کی حفاظت کی ذمہ داری پوری کرے گی،شرکائنے رائے دی کہ مولانا فضل الرحمان شوق سے اسلام آباد آئیں، امید ہے مولانا فضل الرحمان 27 اکتوبر کی تاریخ نہیں بدل سکیں گے۔

اجلاس میں مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے ملک کی موجودہ معاشی صورتحال پراجلاس کو بریفنگ دی، پاکستان اسٹیل کی بحالی سے متعلق بھی اجلاس ہوا جس میں کہا گیا کہ حکومت کی ہر ممکنہ کوشش ہے پاکستان اسٹیل کو بحال کرکے منافع بخش ادارہ بنایا جائے۔

وزیر اعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی جانب سے پاکستان اسٹیل کو فراموش کرنا قوم پر ظلم کے مترادف ہے، ، پاکستان اسٹیل کی بحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

خیال رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ ان کی جماعت 27 اکتوبر سے حکومت کیخلاف اسلام آباد کی جانب مارچ شروع کرے گی۔

پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے اس حوالے سے مشاورت کیلئے وقت مانگا تھا جبکہ آج چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی دھرنے کے علاوہ ہر سطح پر مولانا کے ساتھ ہو گی۔

بلاول بھٹونے واضح کیا کہ مولانا کے مارچ کی حمایت کی نوعیت پر فیصلہ پارٹی کرے گی لیکن اگرشک ہوا کہ مولانا کسی قوت کے اشارے پر ہیں تو اپنی حمایت واپس لے لیں گے۔

Comments are closed.