معاملات طے پارہے ہیں،زرداری کی بات بھی بن رہی ہے،مولانا گرم جگہ پاؤں نہ رکھیں، شیخ رشید
فوٹو: آن لائن
لاہور (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے معاملات طے پا رہے ہیں اسی لئے جیل میں اب نوازشریف کی صحت کی کوئی شکایت نہیں،آصف زرداری کی بات بن رہی ہے.
لاہور میں پریس کانفرنس میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ لوگ میری بات سن لیں، معاملات طے ہورہے ہیں۔جو لوگ لندن سے کالیں کر رہے ہیں، گرفتار کرکے یہاں لائے جاسکتے ہیں، بات چل رہی ہے خراب کرنا نہیں چاہتا۔
وفاقی وزیر نے سوال کیا کہ 2 ماہ سے کسی نے سنا نوازشریف کی صحت خراب ہے، باہر جانا ہے؟ شہباز شریف میری پارٹی کا آدمی اور مذاکرات کی کامیابی کا زبردست حامی ہے، شہباز شریف میں لچک ہے اور نوازشریف ضد کی وجہ سے معاملات خراب کر دیتے ہیں۔
شیخ رشید نے سابق صدر آصف زرداری سے متعلق کہا آصف زرداری کی بات بن رہی ہے، اس کے لوگ پیسہ واپس کررہے ہیں، آصف زرداری کھلے دل کا آدمی ہے، سب کو کھلاتا ہے، شریف برادران کنجوس ہیں، صرف اولادوں میں بانٹتے ہیں۔
انھوں نے مولانا فضل الرحمان کے اسلام آباد لاک ڈاؤن سے متعلق کہا کہ فضل الرحمان لوگوں کو ناموس رسالت کے نام پر اکٹھا کر رہے ہیں لیکن مقصد کچھ اور ہے، بلاول نے تو انکار کردیا اور (ن) لیگ بھی مذہبی کارڈ کے استعمال کی وجہ سے شریک نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کے رہنما عبد الغفور حیدری کے ذریعے مولانا کو پیغام دے دیا ہے کہ گرم جگہ پر پاؤں نہ رکھیں۔
یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے کئی تقریبات میں اپنے خطاب میں بھی کہہ چکے ہیں کہ وہ کسی کو بھی این آر او نہیں دیں گے، اس کے بر عکس ان کے وزیر ریلوے ڈیل کے اشارے دے رہے ہیں.
Comments are closed.