آرمی چیف کی پاکستانی باکسر محمد وسیم سے ملاقات، شاباش دی،تعاون کی یقین دہانی
راولپنڈی (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی باکسر محمد وسیم سے ملاقات ہوئی جس میں آرمی چیف نے محمد وسیم کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے.
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی باکسر محمد وسیم سے ملاقات ہوئی۔ آرمی چیف نے محمد وسیم کو حالیہ کامیابی پر مبارکباد دی۔
آرمی چیف نے کہا کہ محمد وسیم جیسا ٹیلنٹ ہمارے فخر کی علامت ہے، محمد وسیم جیسے باصلاحیت نوجوانوں کو ہمیشہ سپورٹ کریں گے۔
آرمی چیف سے ملاقات کے بعد محمد وسیم نے نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز گفتگو میں کہا کہ سپورٹ کرنے پر پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ پاک فوج نے ہمیشہ مجھے سپورٹ کیا ہے۔
محمد وسیم کا کہنا تھا کہ پہلے بھی چیمپئن رہا ہوں آئندہ بھی پاکستان کا نام روشن کروں گا، پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لیے باعث فخر ہے۔ شعیب اختر اور وسیم اکرم نے بھی میری حوصلہ افزائی کی۔
پاکستانی باکسر نے کہا برطانیہ میں ٹریننگ کے دوران صورتحال سے لاعلم تھا۔ کشمیریوں پر بھارت میں بہت ظلم و بربریت ہورہی ہے۔ کشمیریوں کو ان کا حق دلانے کے لیے آواز اٹھاتا رہا ہوں۔ اپنی باکسنگ کٹ کشمیریوں کے لیے عطیہ کروں گا۔
محمد وسیم نے کہا کہ آج آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایک بار پھر حوصلہ افزائی کی اور مکمل سپورٹ کی یقین دہانی کروائی۔
یاد رہے کہ محمد وسیم دبئی میں منعقدہ پروفیشنل باؤٹ جیت کر آئے ہیں، انہوں نے فلپائن کے باکسر کونراڈو تنومور کو پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر دیا تھا۔
محمد وسیم کے پروفیشنل باکسنگ کیریئر کا یہ نواں مقابلہ تھا جو انہوں نے جیتا۔ محمد وسیم نے اپنی حالیہ کامیابی مظلوم کشمیریوں کے نام کی تھی۔
Comments are closed.