بھارت اور بھارتی فضائیہ 27 فروری 2019 کبھی نہیں بھولیں گے، میجر جنرل آصف غفور
راولپنڈی (زمینی حقائق)ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ایک بار پھر بھارت کو خفت یاد دلاتے ہوئے کہا ہے کہ انڈیا 27 فروری کبھی نہیں بھولے گا۔
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ٹوئٹ کی جس انہوں نے پاکستان ائیر فورس کو ملک کا فخر قرار دیا۔
آصف غفور نے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان اور بھارتی طیارے گرانے والے اسکواڈرن لیڈر حسن صدیقی اور ونگ کمانڈر نعمان علی خان کی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کی زیرقیادت پاک فضائیہ کے شاہینوں پر فخر ہے۔
آصف غفور نے لکھا کہ بھارت اور بھارتی فضائیہ 27 فروری 2019 کبھی نہیں بھولیں گے۔ ترجمان پاک فوج نے ‘مجاہدین افلاک کو سلام’ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔
یاد رہے کہ 27 فروری کو پاک فضائیہ کے پائلٹس نے دو بھارتی طیارے گرائے جن میں سے ایک طیارہ اسکواڈرن لیڈر حسن صدیقی اور دوسرا بھارتی طیارہ ونگ کمانڈر نعمان علی خان نے گرایا تھا۔
یوم آزادی کے موقع پر ان جوانوں کی جرات و بہادری پر ونگ کمانڈر محمد نعمان علی کو ستارہ جرات جبکہ اسکواڈرن لیڈر حسن محمود صدیقی اور گروپ کیپٹن فہیم احمد کو تمغہ جرات سے نوازا گیا تھا۔
گزشتہ روز اس حوالے سے ایک تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں پہلی بار پاک فضائیہ کے بھارتی طیارے مار گرانے والے ہیروز بھی شریک ہوئے اور 27 فروری کو اپنے جذبات اور احساسات کا کھل کر اظہار کیا.
Comments are closed.