سعودی عدالت کا کمپنی کی گاڑیاں نیلام کرکے ملازمین کو تنخواہیں دینے کا حکم

ریاض(زمینی حقائق) سعودی عرب کی عدالت نے کمپنی کی گاڑیاں نیلام کر کے ملازمین کو تنخواہیں ادا کرنے کا حکم دے دیا-

سعودی عرب کے علاقہ الباحہ میں مقامی تعمیراتی کمپنی کے ملازمین نے دو سال سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف مقامی عدالت سے رجوع کیا تھا-

ملازمین نے مؤقف اختیار کیا کہ کمپنی کی جانب سے گزشتہ دو سال کی تنخواہیں ادا نہیں کی گئی ہیں جبکہ مستقل طور پر وطن لوٹ جانے والے ملازمین کو بھی تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی گئی۔

متاثرہ ملازمین نے مؤقف اختیار کیا کہ تعمیراتی کمپنی متعدد تعمیراتی منصوبے مکمل کر چکی ہے لیکن ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کر رہی۔

عدالت نے فوری طور پر کمپنی کی گاڑیاں سیز کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے گاڑیاں نیلام کر کے ملازمین کو تنخواہیں ادا کرنے کا فیصلہ دیا۔

اس حوالے سے سعودی وزیر محنت نے کہا ہے کہ کمپنیاں اور ادارے ملازمین کو وقت پر اجرت ادا کرنے کے پابند ہیں خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔

Comments are closed.