مغربی سرحد پر فائرنگ کے واقعات، 4 سکیورٹی اہلکار شہید
راولپنڈی(ویب ڈیسک) مغربی سرحد پر دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کے دو واقعات میں پاک فوج کے 4 جوان شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں ابا خیل، اسپن وام کے قریب سیکیورٹی فورسز پر شرپسندوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پاک فوج کا سپاہی اختر حسین شہید ہوگیا جب کہ فورسز کی جوابی کارروائی میں دو شرپسند ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیہ کے مطابق شہید سپاہی اختر حسین کا تعلق ضلع بلتستان سے تھا اور ان کی عمر 23 سال تھی۔
دوسرا واقعہ پاک افغان سرحد پر پیش آیا جہاں خاردار باڑ لگانے میں مصروف فوجیوں پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے تین سپاہی شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔
شہید ہونے والوں میں 28 سالہ لانس نائیک سید امین آفریدی، 31 سالہ لانس نائیک محمد شعیب اور 22 سال سپاہی کاشف علی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لانس نائیک سید امین آفریدی کا تعلق ضلع خیبر، لانس نائیک محمد شعیب سواتی کا تعلق ضلع مانسہرہ اور سپاہی کاشف علی شہید کا تعلق ضلع نوشہرہ سے تھا۔
Comments are closed.