آج یوم عاشور عقیدت واحترام سے منایا جائیگا
اسلام آباد(ویب ڈیسک)آ ج یوم عاشور 10 محرم الحرام نہایت عقیدت واحترام اور مذہبی رواداری کے ساتھ منایا جائے گا۔ ملک بھر میں مجالس عزا کا انعقاد اور علم، تعزیےو ذوالجناح کے ماتمی جلوس نکالے جائیں گے۔
راولپنڈی کے راجہ بازار میں تمام چھوٹے بڑے ماتمی جلوس اکٹھے ہوں گے، ہمیشہ کی طرح اس دفعہ بھی سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں. شرکاء کےلیے واک تھرو گیٹ سے داخلے کی پابندی کی جائے گی.
شام کو مجالس شام غریباں برپا ہوں گی۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات کے ساتھ ساتھ موبائل سروس بند رکھی جائے گی۔
نواسہ رسول، جگر گوشہ بتولؓ حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک بھر کے طول و عرض میں مجالس عزا، علم وتعزیہ اور ذوالجناح کے ہزاروں جلوس برآمد ہوں گے.
ان جلوسوں میں لاکھوں کی تعداد میں عزادار شامل ہو کر ماتم داری اور نوحہ خوانی کرکے اپنا پرسہ پیش کریں گے۔
ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبات میں منعقدہ مجالس عزا میں علمائے کرام اور ذاکرین فلسفہ شہادت بیان کرتے ہوئے حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقا کی دین اسلام کی سر بلندی کیلئے کربلا کے تپتے ریگزار میں پیش کی گئی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔
امام بارگاہوں میں مجالس عزا کے اختتام پر شبیہ علم وذوالجناح اور تعزیے کے بڑے بڑے جلوس برآمد ہوں گے جو کہ اپنے مقررہ راستوں سے گزر کر شام کو واپس آستانوں پر اختتام پذیر ہوں گے جہاں پر مجالس شام غریباں بپا ہوں گی۔
ہر شہر میں پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے انتہائی سخت حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے۔ پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کی جا چکی ہیں۔
سندھ سمیت کہی شہروں میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہو گی جبکہ یوم عاشور کے موقع پر موبائل سروس بند رکھی جائے گی۔
Comments are closed.