کابل، امریکی سفارت خانے کے قریب دھماکا، 🔟 افراد ہلاک 42 زخمی
کابل(نیٹ نیوز) افغانستان کے دارالحکومت کے سخت سیکورٹی والے سفارتی علاقے پی ڈی 9 میں کار بم دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 42 زخمی ہوگئے۔
اس حوالے سے افغان حکام کے مطابق خودکش حملہ آور نے امریکی سفارت خانے کے قریب بارود سے بھری گاڑی افغان انٹیلی جنس سروس ’نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکورٹی‘ (این ڈی ایس) کی چیک پوسٹ سے ٹکرادی۔
دھماکا سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور متعدد گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے جس کے نتیجے میں ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
دھماکے کے بعد سوشل میڈیا پر زیر گردش اطلاعات کے مطابق اس حملے میں معروف افغان سیاست دان سلیمان لئیق بھی ہلاک ہوگئے۔
طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے میں غیرملکی فوج کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا جس میں 12 غیر ملکی اور این ڈی ایس کے 8 اہلکار ہلاک ہوگئے۔
Comments are closed.