ظفر وال، بجری سے بھرا ڈمپر رکشہ پر الٹ گیا، ڈرائیور اور 7 بچے جاں بحق
نارووال(ویب ڈیسک) تحصیل ظفروال میں شکرگڑھ روڈ پر بجری سے بھرا ڈمپر رکشہ پر الٹ گیا جس کے نتیجے میں رکشہ ڈرائیور اور 7 بچے جاں بحق ہوگئے۔
رکشے میں مختلف اسکولوں کے بچے سوار تھے جن میں سے 7 جاں بحق ہوگئے اور 6 بچیاں شدید زخمی ہیں۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
اطلاع ملتے ہی 1122 کے ریسکیو اہلکار اور مقامی پولیس جائے حادثہ پر پہنچی اور ڈمپر کے نیچے دبے لاشوں اور زخمیوں کو باہر نکالا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو نے 8 ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نجی اسپتال میں 4 اور آر ایچ سی میں 4 لاشیں موجود ہیں۔ المناک حادثے پر نارووال شہر اور گردونواح میں سوگ کا سما ہے اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔
پولیس کے مطابق ڈمپر ڈرائیور سڑک کی رانگ سائیڈ پر جا رہا تھا اور حادثہ اس کی غفلت کے باعث پیش آیا ہے ۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ پچھلے 10 سال سے ظفروال شکرگڑھ روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور جگہ جگہ کھڈے پڑے ہوئے ہیں جو حادثے کا سبب بنتے رہتے ہیں۔
Comments are closed.