پاکستان آنے والے سکھوں کو ملٹی پل ویزے دیں گے۔وزیراعظم
لاہور(ویب ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے دنیا بھر سے آئے ہوئے سکھوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، کوشش کریں گے سکھوں کو ایئر پورٹ پر ویزے کی سہولت ملے، پاکستان آنے والے سکھوں کو ملٹی پل ویزے دیں گے۔
وہ لاہور میں سکھ کنونشن سے خطاب کر رہے تھے، وزیر اعظم نے کہا کہ سکھ برادری کے لیے ہم ہر قسم کی آسانی پیدا کریں گے، پاکستان میں موجود اقلیتی برادری برابر کے شہری ہیں۔
انھوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو ہم ڈائیلاگ کے ذریعے حل کر سکتے تھے، افسوس ہے ہماری پیش کش پر بھارت کا رویہ غیر ذمہ دارانہ رہا، جنگ سے مسئلے حل نہیں کیے جا سکتے۔
انھوں نے کہاجنگ جیتنے والے کو بھی اتنا نقصان ہوتا ہے کہ واپس کھڑا ہونے میں کئی سال لگتے ہیں، بی جے پی حکومت اس نظریے پر چل رہی ہے جس کی وجہ سے پاکستان بنا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا بھارت میں بی جے پی حکومت صرف ہندو راج چاہ رہی ہے، وہاں کوئی گائے بھی لے کر جاتا ہے تو اسے قتل کر دیا جاتا ہے۔
عمران خان نے کہاکشمیر میں کرفیو لگا کر بھارت نے 80 لاکھ لوگوں کو 29 روز سے بند کر رکھا ہے، مسلمان اگر کسی بھی مذہب سے نا انصافی کرے تو یہ دین کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ہندو مت سمیت کوئی بھی مذہب انسانوں سے ایسے رویے کی اجازت نہیں دیتا، بھارت میں جو ماحول بن رہا ہے مجھے اس پر خوف آتا ہے، 20 کروڑ مسلمان ڈر ڈر کر زندگی گزار رہے ہیں۔
بھارت کو آر ایس ایس لے کر چل رہی ہے، اقلیتیں خطرے میں ہیں، آج مسلمان نشانہ ہیں کل دوسروں کی باری ہے، خود بھارت کو بھی آر ایس ایس نظریے سے خطرہ ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت ایٹمی ملک ہیں ٹینشن بڑھی تو دنیا کو خطرہ ہو جائے گا، پاکستان کی طرف سے کبھی جنگ کی پہل نہیں ہوگی۔
Comments are closed.