یمن میں سعودی اتحاد کی بمباری،100افراد ہلاک
فوٹو: رائٹرز
اسلام آباد(ویب ڈیسک)یمن کے ایک حراستی مرکز پر سعودی اتحادکی بمباری سے کم از کم 100 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
عالمی امدادی ادارے انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس کے مطابق اتوار کو اس حملے کے کم از کم 40 زخمیوں کا علاج جاری ہے۔
مقامی افراد کے مطابق انھوں نے رات گئے چھ مرتبہ فضائی بمباری کی آوازیں سنی۔
برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کے مطابق سعودی اتحاد کا کہنا ہے کہ یمن کے شہر دھامر میں ایک ڈرون اور میزائل کے ڈپو کو تباہ کیا گیا ہے۔
دوسری طرف حکومت مخالف حوثی باغیوں کے مطابق اس حملے میں ایک حراستی مرکز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
آئی سی آر سی کے مطابق وہ اس حراستی مرکز میں رکھے گئے افراد سے پہلے ملاقات کر چکے ہیں۔
یمن میں انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس کے سربراہ فرانز روشینٹن نے کہا ہے کہ ان کی تنظیم جائے وقوعہ سے لاشیں جمع کر رہی ہے لیکن مزید کسی شخص کے زندہ ملنے کے امکانات انتہائی کم ہیں۔
یاد رہے یمن میں سنہ 2015 سے جنگ جاری ہے، یہ تنازعہ اس وقت شروع ہوا تھا جب حوثی باغیوں نے دارالحکومت صنعا کا کنٹرول سنبھال کر حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا۔
یمن میں سعودی عرب کی قیادت میں تقریباً ہر روز فضائی حملے کیے جاتے ہیں جبکہ حوثی باغی اکثر سعودی عرب پر میزائل حملے کرتے ہیں۔
اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق یمن میں سنہ 2016 سے جاری اس جنگ کے نتیجے میں اب تک تقریبا 70 ہزار لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔
Comments are closed.