مقبوضہ کشمیرمیں آرایس ایس کے غنڈے دہشت گردی کر رہے ہیں،وزیراعظم عمران
اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے مغربی دنیا کو آر ایس ایس کے انتہا پسند نظریات کو سجھنا ہوگا، خدشہ ہے بھارت کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے کچھ بھی کرسکتا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے اسلامک سوسائٹی آف نارتھ امریکہ کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن کو پھیلانے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک کبھی بھی ہماری محمدﷺ سے محبت کو نہیں سمجھ پائیں گے، مسلمان اپنے نبی ﷺسے بے انتہا محبت کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسلام میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں ہے، دنیا بھرمیں اسلامو فوبیا بڑھتا جا رہا ہے۔
عمران خان نے کہا آزادی اظہار کا یہ مطلب نہیں کہ مذہبی جذبات کو مجروح کیا جائے۔ بھارت میں آرایس ایس مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلا رہی ہے، آر ایس ایس کی شروعات کیسے ہوئی وہ انٹرنیٹ پر دیکھا جاسکتا ہے۔
وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کو برابری کے حقوق نہیں مل رہے، مقبوضہ کشمیر کے لوگ کرفیو میں زندگی گزار رہے ہیں، مقبوضہ کشمیرمیں میڈیا بلیک آؤٹ ہے۔
ان کا کہنا تھامقبوضہ کشمیرمیں آرایس ایس کے غنڈے دہشت گردی کر رہے ہیں، بھارت کا سیکولرازم خطرے میں ہے۔
عمران خان نے کہا کہ بھارت فروری جیسا ایڈونچر دوبارہ کرسکتا ہے، خدشہ ہے بھارت کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیےکچھ بھی کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے کسی بھی ایکشن کا بھرپورجواب دیا جائے گا۔
Comments are closed.