کاروبار میں حائل غیرضروری قوانین اور قواعد و ضوابط ختم کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد(زمینی حقائق)وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں کاروبار میں حائل غیرضروری قوانین اور قواعد و ضوابط ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
فیصلہ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا،اجلاس میں کاروبار میں رکاوٹ ڈالنے والے بیوروکریسی کے صوابدیدی اختیارات بھی ختم کرنے اور کمپنیوں کی رجسٹریشن کا عمل سہل کرنے کیلئے قوانین بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ خود کاروباری سرگرمیوں کی سرپرستی کریں گے، پاکستان کی بزنس رینکنگ کو بہتر بنایا جائے گا۔
وزیراعظم نے یہ بھی ہدایت کی کہ غیر ضروری ضابطوں کو کم کرنے کا عمل بھی جتنی جلدی ممکن ہو مکمل کیا جائے تاکہ کاروبار میں آسانی پیدا ہو اور کاروباری برادری بالخصوص کاروبار شروع کرنے والی کمپنیوں کو سہولت ملے۔
عمران خان نے سرمایہ کاری بورڈ کو معیشت کے مختلف شعبوں میں کاروبار سے متعلق قوانین اور ریگولیٹری فریم ورک کو صحیح خطوط پر استوار کرنے اور آسان بنانے کیلئے متعلقہ فریقین کے ساتھ مشاورتی عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اجلاس میں مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داﺅد، مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین زبیر گیلانی، پنجاب کے صوبائی وزیر برائے صنعت میاں اسلم اقبال، کنٹری ڈائریکٹر عالمی بینک اور سینئر حکام شریک ہو ہے۔
چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ نے اجلاس کو بتایا کہ کاروبار میں آسانی کیلئے حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے حوالے سے فریقین کے ساتھ بھرپور مشاورت کا عمل جاری ہے۔ اس عمل میں غیر متعلقہ یا متروک ریگولیشن کا خاتمہ، موجودہ ریگولیٹری فریم ورک پر نظرثانی کرنا اور موجودہ قوانین میں ترامیم شامل ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ای کامرس کے ذریعے کاروباری لین دین میں شفافیت اور درستی کو یقینی بنانے کیلئے ‘ڈیجیٹل بزنس ریگولیٹری میپنگ پورٹل’ بھی وضع کیا گیا ہے، خود کار طریقہ ہائے کار سے کاروباری برادری کو سہولت ملنے کے ساتھ ساتھ نظام میں شفافیت آئے گی۔
وزیر صنعت پنجاب نے وزیراعظم کو بتایا کہ پنجاب کی حکومت نے ٹیکسوں کو یکجا کرنے، معائنہ جات کے خاتمے، ون ونڈو سہولت پیش کرنے اور پنجاب اسمارٹ ریگولیشن ایکٹ متعارف کرانے سمیت کاروبار میں آسانی کیلئے کئی اقدامات اٹھائے ہیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ڈیجیٹل اکانومی کے فروغ اور کاروبار کے آغاز کیلئے ڈیجیٹل حل پیش کرنے پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے تاکہ انہیں آئی ٹی کے شعبے میں اپنی صلاحیتوں سے استفادہ کا موقع ملے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو سہولت اور کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ریگولیٹری طریقہ کار کی آٹو میشن اور مطلوبہ معلومات کی آن لائن دستیابی سے کاروباری عمل کو خوش اسلوبی سے انجام دینے میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ان کی ہدایات کے مطابق پٹرولیم، ہاﺅسنگ و تعمیرات، پاور ڈویژن اور سرمایہ کاری بورڈ اپنے اپنے ڈویژنز میں غیر ضروری ریگولیٹری رکاوٹوں کو دور کرنے کے حوالے سے منصوبہ جات جلد پیش کریں گے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ دیگر تمام ڈویژن بھی اسی طرح کے منصوبہ جات وضع کریں اور منظوری و عمل درآمد کیلئے پیش کریں تاہم منصوبہ جات کے لیے ٹاہم فریم نہیں دیا گیا۔
Comments are closed.