بھارتی قبضہ سے آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی، علی گیلانی


سری نگر (ویب ڈیسک )مقبوضہ کشمیر سے بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے ایک بارپھر بھارتی قبضے سے مکمل آزادی تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کااعادہ کیا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں اپنے گھر میں نظر بند حریت رہنما سید علی گیلانی نے کشمیریوں کے نام اپنے خط میں لکھا کہ کشمیر میں مواصلاتی نظام بند اور ہزاروں نوجوان گرفتار ہیں۔

انھوں نے واضح کیا کہ کشمیری عوام بہادری سے بھارتی مظالم کے خلاف کھڑے ہیں، بھارتی فوج مارنے کے لیے تیار اور کشمیری احتجاج کے لیے تیار ہیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ کشمیر کی تالا بندی ہے، بھارت وحشیانہ بربریت کی اطلاعات بیرون ملک پہنچنے سے روک رہا ہے، اب وقت آگیا ہے کہ بھارت نواز قیادت بھی کشمیریوں کا ساتھ دے۔

بزرگ حریت رہنما نے کہا کہ بھارت کشمیر نہیں بلکہ کشمیر کی سرزمین چاہتا ہے، کشمیری عوام اپنے علاقوں میں احتجاج اور مظاہرے کریں، پاکستان اور مسلم امہ کشمیریوں کی مدد کے لیے آگے آئیں۔

سید علی گیلانی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر سے باہر لوگ کشمیر کے سفیر بنیں اور احتجاج کریں، بھارت کی کوشش کے باوجود مسئلہ سلامتی کونسل میں اٹھایا گیا، ہمیں بھارت سے آزادی تک جدوجہد جاری رکھنا ہو گی۔

یاد رہے مودی سرکار نے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آئین کا آرٹیکل 370 راجیہ سبھا میں پیش کرنے سے قبل ہی صدارتی حکم نامے کے ذریعے ختم کر کے جموں و کشمیر اور لداح کو دو حصوں میں تقسیم کر کے بھارتی یونین میں شامل کر لیا تھا۔

تب سے لے کر تاحال اکیس دن گزر جانے کے باوجود پوری مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ ہے اور کشمیری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں،اس دوران کئی بار کرفیو توڑ کر احتجاجی ریلیاں بھی نکالی گئیں جس پر بھارتی فوج نے شیلنگ کی ، پیلٹ گنیں چلائیں اور سید ھی گولیاں ماری گئیں۔

Comments are closed.