یوم آزادی،41 شخصیات کے لیے ایوارڈز کا اعلان
اسلام آباد(ویب ڈیسک) 73 ویں یوم آزادی کے موقع پر صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے 41 شخصیات کے لیے ایوارڈز کا اعلان کیا گیا ہے۔
ایوارڈز کے حوالے سے جاری سرکاری اعلامیے کے مطابق جشن آزادی کے موقع پر ان 41 شخصیات کے لیے ایوارڈز کا اعلان کیا گیا ہے جنہوں نے پاکستان کے لیے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔
چین کی 2شخصیات سونگ تاؤ اور زونگ شون کو ہلال پاکستان دیاجائے گا اور متحدہ عرب امارات کے شیخ منصور بن زاید النہیان کو بھی ہلال پاکستان سے نوازا جائے گا۔
اس کے علاوہ امریکی رکن کانگریس شیلا جیکسن کو بھی ہلال پاکستان کے اعزاز سے نوازا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق چین کے ژوبیگ اور امریکا کے نجیب اللہ غوری کو پاکستان کے لیے خدمات پر ہلال امتیاز سے نوازا جائے گا جب کہ چیک ریبپلک کے پاول بیم کو بھی ہلال امتیاز سے نوازا جائے گا۔
میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان خان کو پبلک سروس اور نیشنل سیکیورٹی پر، خلیق داد خان کو الیکٹرانکس، قاری صداقت علی، مفتی محمد تقی عثمانی اور علامہ رضی جعفر نقوی کو پبلک سروس پر ہلال امتیاز دیا جائےگا۔
ضیاء آفتاب کو انجینئرنگ الیکٹرانکس، صفدر معاویہ کوانجینئرنگ میکنیکل، ریحان ماجد کو انجینئرنگ میکینکل ایرواسپیس، ڈاکٹر رضوان حسین سائنس کیمسٹری، عبدالقیوم کوانجینئرنگ میکینکل اور محمد الیاس کو انجینئرنگ مائنز پر ہلال امتیاز سے نوازا جائےگا۔
ڈاکٹر ارشد سلیم بھٹی کو سائنس، فزکس اور نینو ٹیکنالوجی، ڈاکٹر ایوب صابر کو تعلیم، ڈاکٹر کامران وصفی کو ادویات اور محمد جاوید آفریدی کو عوامی خدمات پر ہلال امتیاز سے نوازا جائے گا۔
عمران سیریز کے خالق اسرار احمد (ابن صفی مرحوم) کو ادبی خدمات پر ہلال امتیاز سے نوازا جائےگا جب کہ احمد اللہ کو عوامی خدمات اور زیادہ ٹیکس ادائیگی پر ہلال امتیاز دیا جائے گا۔
اس کے علاوہ ڈاکٹر عبدالقدوس شہید کو ہلال شجاعت سے نوازا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق ایوارڈ دینے کی تقریب 23 مارچ 2020 کو یوم پاکستان کے موقع پر منعقد کی جائے گی
Comments are closed.