مقبوضہ کشمیربھارتی اقدامات، دو قومی نظریے کو مزید تقویت ملی ہے،عمران خان
اسلام آباد (زمینی حقائق )وزیراعظم عمران خان نے کہاہے
مقبوضہ کشمیر میں حالیہ بھارتی اقدامات سے ہمار آباو اجداد کے دو قومی نظریے کو مزید تقویت ملی ہے۔
پاکستان کے 73 ویں یوم آزادی پر اپنے پیغام میںوزیراعظم عمران خان نے اندرون و بیرون ملک بسنے والے تمام پاکستانیوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے دن ہم سب مل کر اس عزم کا اعادہ کریں کہ پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال مملکت بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ 14 اگست ہماری ملی تاریخ کا وہ سنہرا دن ہے جو ہمیں اِن لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو ہمارے آباؤ اجداد نے اپنے مذہبی، ثقافتی اور سماجی اقدار کے تحفظ کے لیے پیش کیں۔
عمران خان نے کہا یہ دن ہمیں اُن مقاصد کی بھی یاد دلاتا ہے جن کے حصول کے لیے ایک آزاد خود مختار مسلم ریاست کا قیام عمل میں آیا۔
یوم آزادی ہمیں پاکستان کو اقوام عالم میں باوقار ریاست بنانے کا جذبہ و امنگ دیتا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ ہمارے عظیم قائد محمد علی جناح کے پیش نظر ایک ایسے ترقی پسند پاکستان کا تصور تھا جہاں اسلام کے سنہری اصولوں کے مطابق زندگی بسر کی جا سکے۔
جہاں قانون کی حکمرانی، جمہوری اصولوں کی بالادستی اور ریاست و عوام کے درمیان احساس کا مضبوط بندھن ہو، اسی فلاحی اسلامی ریاست کے حصول میں ہمارے لیے قابل تقلید نمونہ ریاستِ مدینہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ نعمتوں اور وسائل سے نوازا ہے، آج ہمارے سامنے ایک روشن مستقبل ہے، قائداعظم کے اتحاد، ایمان اور تنظیم کے رہنما اصولوں کو مشعل راہ بنا کر ملک کو درپیش ہر چیلنج اور مشکلات پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا آج کے دن ہم سب مل کر اس عزم کا اعادہ کریں کہ پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال مملکت بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
وزیراعظم نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ان کی اپنے مادر وطن کے عظیم تر مفاد میں مربوط کوششوں کے ذریعے ہم ان پر فخر کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ یوم آزادی کے اس پُرمسرت موقع پر وطن عزیز کے ان دلیر سپوتوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے بے شمار قربانیوں اور اپنے لہو کا نذرانہ دے کر ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کی اور ملکی سالمیت و خود مختاری کا علم بلند رکھا ہے۔
کشمیری بھائیوں کی حالت زار پر افسردہ ہیں،وزیراعظم
وزیراعظم نے کہا کہ یوم آزادی انتہائی خوشی کا موقع ہے مگر آج کے دن ہم مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے کشمیری بھائیوں کی حالت زار پر افسردہ ہیں جو بھارتی ظلم و جبر اور ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں۔
مقبوضہ جموں و کشمیر کے معصوم اور نہتے عوام پر بھارت کے سنگین مظالم نے بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں بکھیر دی ہیں، انسانیت کی تضحیک کی تمام حدوں کو پار کر لیا ہے اور خطہ کا امن خطرے میں ڈال دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنے کشمیری بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں، پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے بہادر عوام کی حق خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
عمران خان نے کہا مقبوضہ جموں و کشمیر میں حالیہ بھارتی اقدامات سے ہمارے آباؤ اجداد کے دو قومی نظریہ کو مزید تقویت ملی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ وطن عزیز کو ریاستِ مدینہ کی طرز پر ڈھالنے، قائداعظم اور علامہ اقبال کے تصور کو حقیقت میں بدلنے اور اقوام عالم میں ملک و قوم کو اس کا صحیح مقام دلانے میں ہمارا حامی و ناصر ہو۔
Comments are closed.