افغان شہریوں کے لیے ویزوں کا اجرا محدود کر دیا گیا
کابل(ویب ڈیسک) افغان حکومت کی طرف سے نوسر بازوں کے خلاف کارروائی تک افغان شہریوں کے لئے پاکستان کے ویزے کا اجرا محدود کردیا گیا ہے۔
کابل میں واقع پاکستانی سفارت خانے نے افغان شہریوں کے لئے ویزے کا اجرا محدود کیا ہے، اس حوالے سے سفارت خانے کے ترجمان کے بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانی نوسرباز گروہ لوگوں سے پیسے لے کر سفارت خانے کے قونصلر سیکشن تک جانے کے لئے رسائی دیتا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ نوسر باز گروہ کو پولیس کی بھی تائید حاصل ہے اور اس گروہ کے خلاف پولیس بھی کارروائی نہیں کر رہی، نو سر بازوں کے خلاف کارروائی کے بعد مکمل ویزا سروس کھول دی جائے گی۔
سفارت خانے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لئے اب صرف بزرگ، مریض، خواتین، اور کاروباری حضرات کو ویزے جاری کئے جائیں گے، نوسر بازوں کے خلاف کارروائی کے بعد مکمل ویزا سروس کھول دی جائے گی۔
Comments are closed.