مالی مدد کا مقصد پاکستان کی معیشت مضبوط کرنا ہے، آئی ایم ایف
فوٹو: فائل
واشنگٹن( ویب ڈیسک)آئی ایم ایف کے قائم مقام ایم ڈی ڈیوڈ لپٹن کا کہنا ہے کہ پاکستان کو مالی امداد کا مقصد وہاں کی معیشت کو مستحکم کرنا اور اداروں کو مضبوط کرنا ہے۔
ایم ڈی ڈیوڈ لپٹن نے واشنگٹن میں وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات کے بعد جاری بیان میں کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے ساتھ ملاقات کر کے خوشی ہوئی، ملاقات کے دوران پاکستان کی معاشی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان سے پاکستان کے ریفارم پروگرام پر بات ہوئی کیونکہ آئی ایم ایف ریفارم پروگرام میں پاکستان کی معاونت کر رہا ہے۔
ایم ڈی آئی ایم ایف نے کہا کہ ریفارم پروگرام کا مقصد پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنا اور اداروں کو مضبوط بنانا ہے، آئی ایم ایف پروگرام پاکستان کو پائیدار اور متوازن ترقی دےگا۔
ڈیوڈ لپٹن نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان سے ملاقات میں آمدنی بڑھانے اور قرضوں پر انحصار کم کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرنے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس آمدنی معاشرتی اور ترقیاتی اخراجات کی یقینی فراہمی کے لیے ضروری ہے۔ آئی ایم ایف اپنے عالمی پارٹنرز کے اشتراک سے پاکستان کے ریفارم پروگرام کی معاونت جاری رکھےگا۔
Comments are closed.