پی ٹی آئی کا 5 اگست کو ملک گیراحتجاج کا اعلان، اسی روزتحریک کااعلان کریں گے،بیرسٹرگوہر

پی ٹی آئی کا 5 اگست کو ملک گیراحتجاج کا اعلان، اسی روزتحریک کااعلان کریں گے،بیرسٹرگوہر

فوٹو : فائل

اسلام آباد: پی ٹی آئی کا 5 اگست کو ملک گیراحتجاج کا اعلان، اسی روزتحریک کااعلان کریں گے،بیرسٹرگوہر کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 5 اگست کو ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ احتجاجی تحریک کی مکمل حکمت عملی سیاسی کمیٹی اور اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد جاری کی جائے گی۔

اسلام آباد میں خیبرپختونخوا ہاؤس کے باہر مشترکہ پارلیمانی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ اجلاس اگرچہ ایک مخصوص ایجنڈے کے تحت بلایا گیا تھا، تاہم اس دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، پارٹی امور اور آئندہ سیاسی حکمت عملی پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی مسلسل قید کی مذمت کرتے ہوئے اسے ناانصافی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے تمام ارکان اسمبلی بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری اور قید کو غیر قانونی سمجھتے ہیں، جبکہ مختلف مقدمات میں عدالتوں سے بارہا رجوع کرنے کے باوجود فیصلوں میں تاخیر باعث تشویش ہے۔

بیرسٹر گوہر نے اعلان کیا کہ 5 اگست کو ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی اور اسی روز پارٹی آئندہ احتجاجی تحریک اور سیاسی لائحہ عمل کا بھی اعلان کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ احتجاج کی نوعیت ماضی سے مختلف ہوگی اور اس کی حتمی حکمت عملی سیاسی کمیٹی اور اپوزیشن اتحاد سے مشاورت کے بعد طے کی جائے گی۔

آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ حالیہ سانحے کے پیش نظر پارٹی نے بعض سیاسی سرگرمیوں اور احتجاجی پروگراموں کو مؤخر یا ان کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا، کیونکہ اس وقت پوری قوم کی توجہ آزاد کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی پر ہونی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اپنی آئندہ سیاسی مہم کو اتحادی جماعتوں اور اپوزیشن کے ساتھ مشاورت کے ذریعے آگے بڑھائے گی، جبکہ 5 اگست کا احتجاج پارٹی کی آئندہ تحریک کا اہم مرحلہ ہوگا۔

Comments are closed.