سرکاری تشہیری مہم اور تقریبات میں وزیر اعظم کی تصویر لگانے پر پابندی عائد

فوٹو : فائل

ڈھاکہ : شہرت کے بھوکے حکمرانوں کیلئے سبق آموز مثال قائم کر دی گئی، سرکاری تشہیری مہم اور تقریبات میں وزیر اعظم کی تصویر لگانے پر پابندی عائد کر دی گئی، یہ سرکاری فرمان بنگلادیش کی حکومت کی طرف سے جاری کیا گیا ہے.

بنگلہ دیش کی حکومت نے تمام سرکاری تقریبات، پروگراموں اور سرکاری تشہیری مہم کے لیے تیار کیے جانے والے بینرز، فیسٹونز، بل بورڈز اور دیگر تشہیری مواد پر وزیراعظم طارق رحمن کی تصویر، تھری ڈی (3D) یا کسی بھی دوسری شکل میں استعمال کرنے پر فوری طور پر پابندی عائد کر دی ہے۔

بنگلادیش کے کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کیے گئے سرکاری سرکلر میں ہدایت کی گئی ہے کہ آئندہ تمام وزارتیں، ڈویژن، محکمے اور سرکاری ادارے تشہیری مواد کی تیاری کے دوران شخصیات کی تصاویر کے بجائے پروگرام کے مقصد، موضوع، پیغام اور عوامی اہمیت کو نمایاں کریں۔

تشہیری مواد میں صرف ضروری اور متعلقہ معلومات شامل کی جائیں تاکہ عوام کو پروگرام کے اغراض و مقاصد واضح انداز میں سمجھائے جا سکیں۔

حکومتی ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب وزیراعظم طارق رحمان نے اپنی رہائش گاہ سے سیکریٹریٹ جاتے ہوئے ایک وزارت کے پروگرام کے لیے نصب بینرز پر اپنی تصاویر آویزاں دیکھیں۔

وزیراعظم نے سیکریٹریٹ پہنچتے ہی کابینہ سیکریٹری کو فوری طور پر اس طرز عمل کو روکنے کی ہدایت کی، جس کے بعد کابینہ ڈویژن نے باضابطہ سرکلر جاری کر دیا۔

سرکلر کے مطابق یہ ہدایات فوری طور پر نافذ العمل ہیں اور ان پر تمام وزارتوں، سرکاری محکموں، ڈائریکٹوریٹس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر سرکاری اداروں کو سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Comments are closed.