اسلام آباد میں ممکنہ دہشتگردی، وزیراعلیٰ بلوچستان کی کوئٹہ میں پریس کانفرنس میں انکشاف
فوٹو : سوشل میڈیا
کوئٹہ : اسلام آباد میں ممکنہ دہشتگردی، وزیراعلیٰ بلوچستان کی کوئٹہ میں پریس کانفرنس میں انکشاف سامنے آیا ہے جس میں سرفراز بگٹی نےکہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور انٹیلی جنس اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک خاتون خودکش بمبار کو گرفتار کر لیا، جس کے نتیجے میں اسلام آباد میں ممکنہ بڑے دہشت گرد حملے کو ناکام بنا دیا گیا۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے بتایا کہ گرفتار خاتون کو دہشت گرد عناصر نے بلیک میل کر کے خودکش حملے کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی۔ ان کے مطابق خاتون کا ہدف وفاقی دارالحکومت اسلام آباد تھا، جہاں ایک بڑے سانحے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل سوشل میڈیا پر ایک لاپتا خاتون کے حوالے سے اطلاعات سامنے آئی تھیں، تاہم بعد ازاں انٹیلی جنس اداروں نے تحقیقات اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو گرفتار کر لیا اور دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے مطابق دہشت گرد تنظیمیں نوجوان خواتین کو اپنے جال میں پھانسنے کے لیے “ہنی ٹریپ”، دباؤ اور بلیک میلنگ جیسے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار خاتون نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا کہ اسے اسلام آباد میں خودکش حملہ کرنے کا ٹاسک دیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں نے خاتون کو دھمکی دی تھی کہ اگر اس نے حملہ نہ کیا تو اس کے والد کو قتل کر دیا جائے گا۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ اس بچی کی کہانی انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا کہ دہشت گردی کی ان کارروائیوں کا بلوچ روایات یا بلوچ قوم سے کوئی تعلق نہیں، بلکہ یہ عناصر بیرونی آقاؤں کے ایجنڈے پر کام کرتے ہوئے اپنی ہی خواتین اور بچیوں کا استحصال کر رہے ہیں۔
انہوں نے خواتین کو دہشت گردی کے لیے استعمال کرنے کے عمل کو انتہائی شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی معاشرے میں خواتین کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا ناقابلِ قبول ہے۔
سرفراز بگٹی نے اعلان کیا کہ خاتون کے ساتھ ہونے والی بلیک میلنگ اور دباؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اسے بحالی کے عمل کے تحت اس کے والد کے حوالے کیا جائے گا تاکہ وہ معمول کی زندگی کی طرف واپس آ سکے۔
انہوں نے سیکیورٹی فورسز اور انٹیلی جنس اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے باعث پاکستان ایک بڑے المیے سے بچ گیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دہشت گرد تنظیموں کے پروپیگنڈے اور گمراہ کن حربوں سے ہوشیار رہیں، کیونکہ ایسے عناصر بلوچ شناخت کا نام استعمال کر کے نوجوانوں کو دہشت گردی کی طرف دھکیلنے کی کوشش کرتے ہیں۔
Comments are closed.