وزیراعظم عمران خان3 روزہ سرکاری دورے پر امریکہ روانہ
فائل فوٹو
اسلام آباد (زمینی حقائق )وزیراعظم عمران خان تین روزہ سرکاری دورے پرکمرشل فلائٹ سے امریکا روانہ ہو گئے ہیں۔
دورے کے حوالے سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے وزیراعظم عمران خان 20جولائی کو مقامی وقت کے مطابق 3بج کر30 منٹ پر واشنگٹن پہنچیں گے اور یہ بھی کہ وزیراعظم کا سرکاری دورہ 21 جولائی سے شروع ہو گا۔
21 جولائی کو آئی ایم ایف کے قائم مقام ایم ڈی، عالمی بینک کے صدر اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم پاکستانی کمیونٹی سے خطاب اور پاکستان بزنس سمٹ میں شرکت بھی کریں گے۔
وزیراعظم 22 جولائی کو وائٹ ہاؤس پہنچیں گے جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ان کا استقبال کریں گے اور انہیں وائٹ ہاؤس کا دورہ کرائیں گے۔
تحائف کے تبادلے کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہو گی، عمران خان یو ایس پاکستانی بزنس کونسل سے ملاقات کریں گے اور امریکی میڈیا کو انٹرویو بھی دیں گے۔
عمران خان کی 23 جولائی کو امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات ہو گی۔ بعدازاں وزیراعظم امریکی تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ آف پیس اور کیپیٹل ہل میں پاکستانی کاکس سے خطاب کریں گے، پھر امریکی صحافیوں سے بھی ملاقات کریں گے۔
وزیرعاظم عمران خان 23 جولائی کو ہی وزیراعظم عمران خان ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی سے بھی ملاقات کریں گے جس کے ساتھ ان کا دورہ امریکا مکمل ہو جائے گا۔
Comments are closed.