سندھ رینجرز کی کارروائی، “کُمندان گینگ” کے سرغنہ سمیت 4 ملزمان گرفتار
فوٹو : فائل
کراچی: پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے گلشن غازی بلدیہ ٹاؤن میں چھاپہ مار کر ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث “کُمندان گینگ” کے سرغنہ سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان میں سعید الرحمان عرف کُمندان (گینگ کا سرغنہ)، صابر عرف شینا، اکرام عرف اکرو اور آکاش عرف پنجابی شامل ہیں۔ یہ گروہ کراچی کے مختلف علاقوں، خصوصاً بلدیہ ٹاؤن، گلشن غازی اور 24 مارکیٹ میں شہریوں کو لوٹنے اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔
حکام کے مطابق سعید الرحمان عرف کُمندان گینگ کا مرکزی کردار تھا، جو نہ صرف وارداتوں کی منصوبہ بندی کرتا بلکہ ڈکیتی کے لیے اسلحہ بھی فراہم کرتا تھا۔ دیگر ملزمان اس کی نگرانی میں وارداتیں کرتے اور لوٹی گئی رقم سرغنہ کے حوالے کرتے، جو بعد ازاں اسے گینگ کے ارکان میں تقسیم کرتا تھا۔
ترجمان کے مطابق ملزمان کی وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی سامنے آئی ہیں، جن میں انہیں واضح طور پر جرائم کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار افراد عادی مجرم ہیں اور ماضی میں بھی مختلف مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔
رینجرز کا کہنا ہے کہ گینگ کے دیگر فرار ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
رینجرز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف معلومات فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر فراہم کریں، اور اطلاع دینے والے کا نام مکمل طور پر خفیہ رکھا جائے گا۔
سندھ رینجرز کی کارروائی، “کُمندان گینگ” کے سرغنہ سمیت 4 ملزمان گرفتار
Comments are closed.