پنجاب اور اسلام آباد میں پبلک ٹرانسپورٹ مفت فراہم کرنے کا اعلان کر دیا گیا
فوٹو : سوشل میڈیا
اسلام آباد: پنجاب اور اسلام آباد میں پبلک ٹرانسپورٹ مفت فراہم کرنے کا اعلان کر دیا گیا، تاہم ذاتی ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والوں ،تین صوبوں کے عوام کو اس فری ٹرانسپورٹ کا کوئی فائدہ نہیں ہو سکے گا.
پنجاب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اورنج لائن ٹرین، میٹرو بس سروس، اسپیڈو بس کا سفر فری کرنے کا اعلان کیا جب کہ وفاق میں وزیر داخلہ محسن نقوی کی طرف سے یہ رعایت دینے کا اعلان کیا گیا.
مریم نواز نے پنجاب کے تمام شہروں میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ فری کرنے کا اعلان کر دیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات کے بعد اب کے مسافروں کو ٹکٹ خریدنا نہیں پڑے گا۔
اسی طرح گرین الیکٹرو بس میں بھی سفر کے دوران شہریوں کو ٹکٹ نہیں خریدنا پڑے گا۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کاشتکاروں کو فی ایکڑ ایک لیٹر ڈیزل پر 100 روپے سبسڈی دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا مشکل حالات میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، غیرمعمولی حالات میں شہری ذاتی سواری کے بجائے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں۔
انہوں نے کہا کہ جنگ کے نتیجے میں دنیا عالمی معاشی بحران کا شکار ہے، حالات کی بہتری کے ساتھ ہی عوام کو معاشی بوجھ سے نجات دلائیں گے۔
ایک ماہ میں اربوں روپے کا ریلیف دے کر وزیراعظم نے عوام کو مشکلات سے بچانے کی کوشش کی، وزیراعظم شہباز شریف نے بدترین معاشی صورتحال میں عوام کو ریلیف دیا۔
اسلام آباد میں بھی پبلک ٹرانسپورٹ فری کر دی گئی ہے اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ اسلام آباد میں پبلک ٹرانسپورٹ ایک ماہ کے لیے مفت کر دی گئی ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا وزیر اعظم کی ہدایت پر اسلام آباد میں تمام پبلک ٹرانسپورٹ فری کر دی ہے، وزارت داخلہ مفت ٹرانسپورٹ کا 35 کروڑ روپے کا بوجھ برداشت کرے گی۔
گزشتہ روز وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 137 روپے 24 پیسے اور اور ڈیزل کی قیمت میں 184 روپے 49 پیسے کا اضافہ کیا تھا جس کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ فری کی گئی ہے.
Comments are closed.