ٹی 20 ورلڈ کپ،نیوزی لینڈ جنوبی افریقہ کو 9 وکٹوں سے ہرا کرفائنل میں پہنچ گیا

فوٹو : کرک انفو 

کولکتہ : ٹی 20 ورلڈ کپ،نیوزی لینڈ جنوبی افریقہ کو 9 وکٹوں سے ہرا کرفائنل میں پہنچ گیا، جنوبی افریقہ کی ٹیم حسب سابق بڑے میچ چوکر ہونے کی روایت پر پوری اتری ،دوسرے سیمی فائنل میں آج انڈیا اور انگلینڈ مد مقابل ہوں گے.

بھارت کے شہر کولکتہ میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقا سے ملنے والا 170 رنز کا ہدف 1 وکٹ کے نقصان پر 43 گیندوں قبل ہی حاصل کرلیا۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے اوپنر فن ایلن نے 33 گیندوں پر ناقابل شکست سنچری اسکور کی، اُن کی اننگز 10 چوکوں اور 8 چھکوں سے مزین تھی۔

کیوی ٹیم کے آؤٹ ہونے والے واحد بیٹر ٹم سائفرٹ تھے جو 58 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جبکہ راچن رویندرا 13 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

اس سے قبل پروٹیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے تھے۔ 

لوئر آرڈر پر بیٹنگ کرتے ہوئے مارکو یانسن ٹیم کے لیے مردِ بحران ثابت ہوئے اور ناقابلِ شکست 55 رنز کی زبردست اننگز کھیلی تھی۔ 

ان کے  ساتھ ڈیوالڈ بریوس 34 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بیٹر رہے جبکہ ٹرسٹین اسٹبز نے 29 رنز کی اننگز کھیلی۔ 

نیوزی لینڈ کے خلاف جنوبی افریقا ٹاپ آرڈر بری طرح ناکام رہا، کپتان ایڈم مارکرم 18، کوئنٹن ڈی کوک 10، ڈیوڈ ملر 6 اور ریان ریکلٹن بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ 

نیوزی لینڈ کی جانب سے کول میک کونکی، میٹ ہینری اور راچن راویندرا نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ لوکی فرگوسن اور جمی نیشم نے ایک ایک وکٹ لی۔   

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے گروپ 2 سے اور جنوبی افریقہ کی ٹیم نے گروپ 1 سے پہلے سیمی فائنل کےلیے کوالیفائی کیا تھا

Comments are closed.