کراچی، اسلام آباد سکردو سمیت کئی شہروں میں پر تشدد احتجاج، 10 افراد جاں بحق
فوٹو : سوشل میڈیا
کراچی، اسلام آباد : ایران پہ حملے کیخلاف ،کراچی، اسلام آباد سکردو سمیت کئی شہروں میں پر تشدد احتجاج، 10 افراد جاں بحق ،کراچی میں مظاہرین کی امریکی قونصل خانے میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران ہنگامہ آرائی کے بعد پولیس سے جھڑپوں میں 9 افراد جاں بحق ہوئے۔
ایران پرگزشتہ روز ہونے والے امریکی و اسرائیلی حملے کے خلاف پاکستان کے مختلف شہروں میں احتجاج کیا گیا، مظاہرین نے کراچی میں امریکی قونصل خانے میں داخل ہونے کی کوشش کی اور پتھراؤ کیا، جس پر پولیس اور رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے مظاہرین کو پیچھے دھکیل دیا۔
مائی کولاچی روڈ پر امریکن قونصلیٹ کے قریب ہنگامہ آرائی اور ایم ٹی خان روڈ پر مظاہرین کے پتھراؤ کے بعد پولیس کی جانب سے شدید شیلنگ کی گئی۔سلطان آباد پُل کے نیچے ٹریفک پولیس چوکی کو بھی آگ لگا دی گئی۔
کراچی کے سول اسپتال کے ٹراما سینٹر کے سربراہ ڈاکٹر صابر میمن نے نجی ٹی وی جیو نیوز کے ساتھ گفتگو میں 8 لاشیں اور 20 زخمی اسپتال پہنچنے کی تصدیق کی.
امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملوں اور رہبر اعلی آیت اللہ علی خامنہ ای کی ہلاکت کے خلاف کراچی اور اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے ہیں جہاں کئی جگہوں پر پولیس سے مظاہرین کی جھڑپیں ہوئیں.
برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق مشتعل مظاہرین نے گلگت اور سکردو میں اقوامِ متحدہ کے دفاتر کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔ سکردو کے ریجنل ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر آصف رضا نے صحافی محمد زبیر کو تصدیق کی ہے کہ پرتشدد مظاہروں کے بعد ان کے ہسپتال میں پانچ لاشیں لائی گئی ہیں۔
رپورٹ میں ڈاکٹر آصف رضا کا کہنا تھا کہ’ صبح دس اور گیارہ بجے سے زخمی ہمارے پاس آنا شروع ہوگے تھے۔ کافی زیادہ مریض آئے اور ایک وقت وہ بھی آیا کہ ہمارے پاس ایک دم بارہ سے تیرہ مریض آگئے، جن کو ایک ساتھ علاج فراہم کرنا چیلنج بن گیا تھا.
ایران کے سپریم لیڈرآیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر اسلام آباد میں بھی احتجاج مظاہرہ ہوا،،مظاہرین نے نعرے بازی کرتے ہوئے امریکی سفارتخانے کی جانب مارچ کیا جب کہ پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشرکرنے کیلئے شیلنگ کی گئی۔
اس دوران وزیرداخلہ محسن نقوی مظاہرین کے درمیان پہنچے اور مظاہرین کو پرامن رہنے کی اپیل کی ،بعد میں مظاہرین منتشر ہوگئے ،وزیرداخلہ نے ریڈ زون ، ڈپلومیٹک انکلیو میں امن کی صورتحال کا جائزہ لیا.
وزیرداخلہ کوامن وامان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، وزیرداخلہ نے ڈپلومیٹک انکلیومیں فول پروف انتظامات یقینی بنانے کے احکامات دیئے ،، کہا کہ پرامن احتجاج ہرایک کا حق ہے ۔ احتجاج کی آڑمیں شرپسندی کی قطعاً اجازت نہیں دی جا سکتی، سکیورٹی انتظامات ہرلحاظ سے مکمل اورجامع ہونے چاہئیں ۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ ہے.
Comments are closed.