فوٹو : فائل
اسلام آباد / تہران : امریکہ کی ایران میں موجود اپنے شہریوں کو فوری طورپر نکلنے کی ایڈوائزری جاری کردی گئی ہےایران میں بگڑتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر امریکا کی ورچوئل ایمبیسی نے ایران میں مقیم امریکی شہریوں کے لیے ایک اہم سیکیورٹی الرٹ جاری کیا ہے۔
امریکی شہریوں کوالرٹ میں کہا گیاہے کہ انہیں جلد از جلد ملک چھوڑنے کی منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ جاری کردہ ایڈوائزری میں امریکی شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ اپنی روانگی ایسے طریقے سے منظم کریں جس میں امریکی حکومت کی براہِ راست مدد پر انحصار نہ کرنا پڑے۔
امریکی ورچوئل ایمبیسی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایران میں موجود امریکی شہریوں کو موجودہ حالات میں غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہو سکتا ہے، اس لیے پیشگی منصوبہ بندی انتہائی ضروری ہے۔ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ سفری پابندیوں، پروازوں کی منسوخی یا غیر متوقع تاخیر جیسے مسائل کسی بھی وقت پیش آ سکتے ہیں۔
پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کا خدشہ، ایئرلائنز سے مسلسل رابطے کی ہدایت
ورچوئل ایمبیسی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران سے روانگی کے خواہش مند امریکی شہری اپنی متعلقہ ایئرلائنز سے مستقل رابطے میں رہیں اور تازہ ترین سفری معلومات حاصل کرتے رہیں۔ بیان کے مطابق خطے میں کشیدگی کے باعث فضائی آپریشن متاثر ہو سکتا ہے، جس کے نتیجے میں مسافروں کو اچانک پروازوں کی منسوخی یا شیڈول میں تبدیلی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ایڈوائزری میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکی شہری متبادل سفری راستوں پر بھی غور کریں اور تمام ضروری سفری دستاویزات ہمہ وقت مکمل اور قابلِ استعمال حالت میں رکھیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری فیصلہ ممکن ہو سکے۔
ایران چھوڑنے سے قاصر افراد کے لیے حفاظتی ہدایات
امریکی ورچوئل ایمبیسی کے مطابق وہ امریکی شہری جو فوری طور پر ایران چھوڑنے سے قاصر ہیں، انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے موجودہ رہائشی مقام یا کسی محفوظ جگہ پر قیام کریں۔ بیان میں زور دیا گیا ہے کہ ممکنہ ہنگامی حالات کے پیش نظر شہری اپنے پاس ضروری اشیائے خور و نوش، صاف پینے کا پانی، ادویات، ابتدائی طبی امداد کا سامان اور دیگر بنیادی ضروریات محفوظ رکھیں۔
سیکیورٹی ایڈوائزری میں ایران کے مختلف شہروں میں ممکنہ مظاہروں اور احتجاجی سرگرمیوں کے خدشے کے پیش نظر امریکی شہریوں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی احتجاج، جلسے یا ہجوم سے دور رہیں اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی شہری ہر وقت محتاط رہیں، مقامی خبروں، سوشل میڈیا رپورٹس اور مجموعی سیکیورٹی حالات پر گہری نظر رکھیں تاکہ بروقت فیصلے کیے جا سکیں۔
موبائل فون چارج، اہلِ خانہ سے رابطہ برقرار رکھنے کی تاکید
ورچوئل ایمبیسی نے اپنی ایڈوائزری میں یہ ہدایت بھی شامل کی ہے کہ امریکی شہری اپنے موبائل فونز اور دیگر مواصلاتی ذرائع ہمہ وقت چارج رکھیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں اہلِ خانہ، قریبی افراد اور قابلِ اعتماد ذرائع سے مسلسل رابطے میں رہنے پر زور دیا گیا ہے تاکہ معلومات کا بروقت تبادلہ ممکن ہو سکے۔
امریکی ورچوئل ایمبیسی کے بیان کے مطابق یہ سیکیورٹی الرٹ احتیاطی تدابیر کے طور پر جاری کیا گیا ہے اور حالات کے مطابق مزید ہدایات بھی جاری کی جا سکتی ہیں۔
امریکہ کی ایران میں موجود اپنے شہریوں کو فوری طورپر نکلنے کی ایڈوائزری جاری کردی گئی
Comments are closed.