اکبر بگٹی ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی، 21 افراد جاں بحق
اسلام آباد(ویب ڈیسک) رحیم یارخان کے قریب ولہار اسٹیشن پر ٹرین حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 21 ہوگئی۔
لاہور سے کوئٹہ جانے والی اکبر بگٹی ایکسپریس رحیم یار خان کے قریب ولہار اسٹیشن کی حدود میں کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی، حادثے کے نتیجے میں مسافر ٹرین کا انجن مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔
حادثہ میں 3 سے 4 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں جب کہ 6 سے 7 بوگیاں شدید متاثر ہوئیں۔ حادثے کے زخمیوں اور جاں بحق ہونے والوں کو جناح اور شیخ زائد اسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈی پی او عمر سلامت نے میڈیا کو بتایا کہ رحیم یار خان کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جب کہ ہیلپ لائن اور کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے۔
ڈی پی او عمر سلامت کاکہنا تھا کہ حادثے کے فوری بعد 11 لاشوں اور 6 متعدد زخمیوں کو نکالا گیا جن میں بعض کی حالت تشویش ناک ہے۔
اسپتال حکام کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے 3 افراد اسپتال میں دم توڑ گئے جب کہ ملبے تلے مزید 2 لاشیں نکالی گئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 21 ہوگئی ہے۔
آر پی او کے مطابق حادثے میں 89 مسافر زخمی ہوئے ہیں، تمام لاشوں اورزخمیوں کونکال کرریسکیو آپریشن مکمل کرلیاگیا ہے۔
ایڈیشنل جنرل مینیجر ریلوے زبیر شفیع کے مطابق اکبر بگٹی ایکسپریس کے ڈرائیور عبدالخالق اور اسسٹینٹ ڈرائیور اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
زبیر شفیع نے بتایا کہ اکبر بگٹی ایکسپریس کی 10 میں سے 4 بوگیاں پٹری سے اتری ہیں، حادثے کے بعد اپ ٹریک پر ٹرینوں کی آمدو رفت روک دی گئی تھی لیکن ساڑھے 8 بجے اسے بحال کردیا گیا ہے۔
Comments are closed.