سہیل آفریدی اورپی ٹی آئی رہنماوں کا کراچی پہنچنے پر شانداراستقبال، جلسہ کی اجازت مل گئی

سہیل آفریدی اورپی ٹی آئی رہنماوں کا کراچی پہنچنے پر شانداراستقبال، جلسہ کی اجازت مل گئی

فوٹو : ایکس ،علیم عادل شیخ 

کراچی  : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اورپی ٹی آئی رہنماوں کا کراچی پہنچنے پر شانداراستقبال، جلسہ کی اجازت مل گئی ، ائیرپورٹ سے نکلنے میں گھنٹوں لگے، سڑکوں پر پی ٹی آئی کارکنوں کی ریلیاں، نعرے بازی اور جوش خروش دیدنی رہا، پنجاب کی بنسبت سندھ کی حکومت نے فراخدلی کا مظاہرہ کیا اورصوبائی وزیرسعید غنی نے سہیل آفریدی کو سندھی ٹوپی اور اجرک پہنا کراستقبال کیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے کراچی پہنچنے پرصوبائی وزیرِ سندھ سعید غنی نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں کی بڑی تعداد ایئرپورٹ پر موجود تھی، جنہوں نے نعروں اور پارٹی جھنڈوں کے ساتھ وزیراعلیٰ کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔

صوبائی وزیر سعید غنی نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو روایتی اجرک اور سندھی ٹوپی پہنائی۔ وزیراعلیٰ نے اس محبت بھرے استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے عوام کی جانب سے ملنے والی پذیرائی ان کے لیے باعثِ حوصلہ ہے۔ انہوں نے کارکنوں کے جوش و جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیاسی جدوجہد عوامی حمایت سے ہی کامیاب ہوتی ہے۔

ایئرپورٹ سے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی ریلی کی صورت میں روانہ ہوئے، جس میں پارٹی کے مرکزی و صوبائی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ ریلی کے باعث شارعِ فیصل اور اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

https://

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی ایئرپورٹ سے سیدھا انصاف ہاؤس پہنچے، جہاں انہوں نے پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں موجودہ سیاسی صورتحال، پارٹی تنظیم، اور آئندہ عوامی رابطہ مہم پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سندھ میں پی ٹی آئی کی سرگرمیوں کو مزید منظم کرنے پر بھی غور کیا گیا۔

دوسری جانب سندھ حکومت نے پی ٹی آئی کو کراچی میں جلسے کی اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیرِ بلدیات ناصر حسین شاہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے جناح گراؤنڈ (باغِ جناح) میں جلسے کی اجازت طلب کی تھی، جو دے دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سندھ میں سیاسی سرگرمیاں کر سکتے ہیں اور جلسہ کرنے پر کوئی پابندی نہیں۔

ناصر حسین شاہ نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی سمیت کسی بھی سیاسی جماعت کی پرامن سیاسی جدوجہد کو نہیں روکا جا سکتا۔ البتہ قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں مسائل پیدا ہو سکتے ہیں، تاہم جلسے جلوس جمہوری عمل کا حصہ ہیں۔

https://

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کراچی روانگی سے قبل ایک ویڈیو پیغام میں اعلان کیا تھا کہ وہ تین روزہ دورے پر سندھ آ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اتوار کو مزارِ قائد پر کراچی کی تاریخ کا بڑا جلسہ منعقد کیا جائے گا۔ ویڈیو پیغام میں انہوں نے سندھ کے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ بھرپور تیاری کریں اور اسٹریٹ موومنٹ میں ساتھ دیں۔

ذرائع کے مطابق سہیل آفریدی کراچی کے لیے پی آئی اے کی پرواز سے روانہ ہوئے تھے۔ ابتدا میں انہیں نجی ایئرلائن کی پرواز سے سفر کرنا تھا، تاہم فلائٹ میں تاخیر کے باعث پرواز تبدیل کی گئی۔ وزیراعلیٰ کے ہمراہ صوبائی کابینہ کے ارکان بھی موجود تھے۔

دورۂ سندھ کے دوران سہیل آفریدی مختلف سیاسی، سماجی اور صحافتی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔ شیڈول کے مطابق وہ کراچی پریس کلب میں ’’میٹ دی پریس‘‘ سے خطاب کریں گے، بعد ازاں حیدرآباد روانہ ہوں گے، جبکہ اتوار کو مزارِ قائد پر جلسے سے خطاب کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وہ بلدیہ ٹاؤن میں استقبالیہ تقریب میں شرکت اور تاجر رہنماؤں سے ملاقات بھی کریں گے۔

تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کے بعض تاجر رہنماؤں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے ملاقات سے معذرت کر لی ہے۔ اس حوالے سے تاجر تنظیموں کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔

Comments are closed.