رانا ثناء اللہ کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں ، وزیراعظم
اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے واضح کیاہے کہ راناثناء اللہ کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی ترجمان اور رہنماوٴں کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزراء نے بھی شرکت کی، اجلاس میں اپوزیشن رہنماوں کی گرفتاریوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی مشاورت کی گئی۔
وزیراعظم عمران خان کاکہنا تھا کہ اپوزیشن صرف اپنے جرائم سے توجہ ہٹانے کے لئے حکومت پر الزامات لگا رہی ہے، انتقام کی سیاست پی ٹی آئی کا نظریہ نہیں ہے۔
عمران خان نے کہا جن لوگوں پر مقدمات ہیں عدالتوں میں ان کی صفائی دیں، پاکستان میں اب ادارے اور عدالتیں آزاد ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بے نامی جائیداد رکھنے والوں کو پورا موقع دیا گیا، لیکن اب بے نامی جائیداد رکھنے والوں کے خلاف بلاتفریق کاروائی ہو گی۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاقات کی،وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مشکل معاشی حالات میں حکومت نے متوازن بجٹ پیش کیا ہے۔
بجٹ میں صنعتی شعبے کا فروغ اور کمزور طبقے کے تحفظ پرپوری توجہ دی گئی، معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے مشکل فیصلے کیے، ان فیصلوں کا مقصد معیشت کی سمت درست کرنا اور ملک کومعاشی مشکلات سے نکالنا ہے۔
Comments are closed.