حکومت کا چھوٹے کسانوں کیلئے قرضہ کا”زرخیـز ای” منصوبہ کیا ہے؟
فوٹو : فائل
اسلام آباد (راحیل نواز سواتی)حکومت کا چھوٹے کسانوں کیلئے قرضہ کا”زرخیـز ای” منصوبہ کیا ہے؟جس کے ذریعے چھوٹے کسانوں کے لیے زرعی قرضوں میں اضافہ کیا گیا ہے حکومتِ پاکستان نے زرخیـز ای (ZarkhezE) کے نام سے ایک نیا، ڈیجیٹل اور بغیر ضمانت زرعی قرضہ پروگرام متعارف کرا دیا ہے.
اس کا مقصد چھوٹے کاشتکاروں کو باضابطہ مالی نظام میں شامل کرنا اور زرعی قرضوں میں دہائیوں سے موجود عدم توازن کو دور کرنا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق یہ اسکیم ملک کے تقریباً 93 فیصد چھوٹے کسانوں کو ہدف بناتی ہے جو زمین بطور ضمانت نہ ہونے اور پیچیدہ طریقۂ کار کے باعث اب تک بینکاری نظام سے باہر رہے۔ اس پروگرام کے تحت تقریباً 7 لاکھ 50 ہزار غیر بینک شدہ کسانوں کو مالی نظام میں شامل کیا جائے گا.
آئندہ تین برسوں میں 300 ارب روپے دیہی معیشت میں شامل ہونے کی توقع ہے۔
"زرخیـز ای” روایتی زرعی قرضوں کے برعکس زمین کی ملکیت کو ضمانت بنانے کے بجائے کسان کی پیداواری صلاحیت اور تصدیق شدہ ڈیجیٹل شناخت کو بنیاد بناتا ہے.
اس مقصد کے لیے ڈیجیٹل ایگرونومی، سیٹلائٹ ڈیٹا اور بایومیٹرک تصدیق جیسے جدید ذرائع استعمال کیے جا رہے ہیں تاکہ قرضوں کی فراہمی کو آسان اور شفاف بنایا جا سکے۔
پاکستان کا موجودہ زرعی قرضہ نظام طویل عرصے سے بڑے زمینداروں کے حق میں رہا ہے, سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صرف 7 فیصد بڑے کسان 68 فیصد زرعی قرضے حاصل کرتے ہیں جبکہ چھوٹے کاشتکار اور مزارع کسان غیر رسمی اور اکثر استحصالی قرضوں پر انحصار کرنے پر مجبور رہے.
زرخیـز ای” کو اسی عدم مساوات کو ختم کرنے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے،اس اسکیم کے تحت مزارع کسانوں کو 5 لاکھ روپے تک جبکہ زمین کے مالکان کو 10 لاکھ روپے تک کے بغیر ضمانت قرضے فراہم کیے جائیں گے، پروگرام میں زندگی اور فصل کی انشورنس بھی شامل ہے، جو کسانوں کو موسمی اور معاشی خطرات سے تحفظ فراہم کرے گی.
حکومتی حکام کے مطابق اس منصوبے سے غربت میں کمی، غذائی تحفظ میں بہتری اور زرعی پیداوار میں اضافے کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ یہ اسکیم خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور سندھ و پنجاب کے پسماندہ علاقوں میں علاقائی توازن کو فروغ دے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ زرعی مالیات کو ڈیجیٹل بنانے سے دیہی ویلیو چین میں شفافیت بڑھے گی اور زرعی شعبہ مستقبل کی سرمایہ کاری کے لیے زیادہ قابلِ اعتماد بن سکے گا۔
سرکاری مؤقف کے مطابق زرخیـز ای محض ایک قرضہ اسکیم نہیں بلکہ غیر رسمی نظام سے باضابطہ شمولیت، آڑھتی کے انحصار سے کسان کی خودمختاری، اور بقا سے خوشحالی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
حکومت کا چھوٹے کسانوں کیلئے قرضہ کا”زرخیـز ای” منصوبہ کیا ہے؟
Comments are closed.