کرکٹ کا عالمی کپ جیتنے والے ایک اور کپتان کو بھی گرفتار کرنے کا اعلان کردیا گیا

کرکٹ کا عالمی کپ جیتنے والے ایک اور کپتان کو بھی گرفتار کرنے کا اعلان کردیا گیا

فوٹو : سوشل میڈیا

اسلام آباد : کرکٹ کے عالمی کپ کے فاتحین پر برےدن آئے ہوئے ہیں خاص کر جنوبی ایشیا میں، عمران خان کے بعد کرکٹ کا عالمی کپ جیتنے والے ایک اور کپتان کو بھی گرفتار کرنے کا اعلان کردیا گیاہے۔

سری لنکا کے سابق کرکٹ کپتان، 1996ء کے کرکٹ ورلڈ کپ کے فاتح اور سابق وزیرِ پیٹرولیم ارجونا راناٹنگا کو ایک بڑے کرپشن اسکینڈل میں گرفتار کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ سری لنکن حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ارجونا راناٹنگا کی وطن واپسی پر انہیں حراست میں لیا جائے گا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ارجونا راناٹنگا اس وقت ملک سے باہر ہیں اور ان پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے بھائی کے ساتھ مل کر تیل کی طویل المدتی خریداری کے نظام میں تبدیلی کی اور مہنگے داموں اسپاٹ خریداری کی منظوری دی، جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔

یہ متنازعہ تیل کی خریداری 2017ء میں کی گئی تھی، جس کے نتیجے میں سری لنکا کو تقریباً 80 کروڑ سری لنکن روپے کا مالی نقصان برداشت کرنا پڑا۔

ارجونا رانا ٹنگا کی قیادت میں سری لنکا نے 1996کا کرکٹ ورلڈ کپ جیتا تھا

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اس کیس میں سیلون پیٹرولیم کارپوریشن کے سابق چیئرمین اور ارجونا راناٹنگا کے بڑے بھائی دھمیکا راناٹنگا کو پیر کے روز گرفتار کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔

 سری ننکا کی عدالت نے دھمیکا راناٹنگا پر بیرونِ ملک سفر پر پابندی عائد کرتے ہوئے کیس کی اگلی سماعت 13 مارچ مقرر کر دی ہے۔

دھمیکا راناٹنگا کے پاس سری لنکا اور امریکا کی دوہری شہریت ہے، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ 62 سالہ ارجونا راناٹنگا سری لنکن کرکٹ کی تاریخ کی ایک نمایاں شخصیت ہیں، جنہوں نے 1996ء میں آسٹریلیا کو فائنل میں شکست دے کر سری لنکا کو اس کا واحد کرکٹ ورلڈ کپ جتوایا تھا۔

 رانا ٹنگا کے خلاف یہ مقدمہ گزشتہ برس اقتدار میں آنے والی صدر انورا کمارا ڈسانائیکے کی حکومت کی جانب سے شروع کی گئی بدعنوانی کے خلاف وسیع مہم کا حصہ ہے، جس کے تحت ماضی کی بڑی مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

Comments are closed.