ملک میں موسمی انفلوئنزا H3N2 کے کیسز میں تشویشناک اضافہ، این آئی ایچ کی ایڈوائزری جاری
فوٹو : فائل
اسلام آباد:نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (NIH) نے موسمی انفلوئنزا A(H3N2) سے بچاؤ اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے باضابطہ ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ ایڈوائزری کے مطابق 2025–26 کے سیزن میں انفلوئنزا A(H3N2) سب کلاڈ K عالمی سطح پر سامنے آ چکا ہے، جس کے باعث مختلف ممالک میں کیسز میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
NIH کے مطابق اگست 2025 سے دنیا کے مختلف خطوں میں H3N2 کے کیسز میں تیزی سے اضافہ رپورٹ ہوا ہے، جبکہ جنوبی ایشیا میں مئی سے نومبر 2025 کے دوران انفلوئنزا کیسز میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جہاں 66 فیصد کیسز H3N2 سے تعلق رکھتے ہیں۔ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں بھی H3N2 کے نمایاں کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں انفلوئنزا لائک الینس (ILI) اور سیویر ایکیوٹ ریسپائریٹری انفیکشن (SARI) کے کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ ہفتہ 44 سے 49 کے دوران ملک بھر میں 3 لاکھ 40 ہزار 856 مشتبہ کیسز رپورٹ کیے گئے، جبکہ ٹیسٹ کیے گئے نمونوں میں سے 12 فیصد H3N2 مثبت پائے گئے۔
NIH نے خبردار کیا ہے کہ بزرگ افراد، حاملہ خواتین، کم عمر بچے اور دائمی امراض میں مبتلا افراد اس وائرس سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔ ادارے کے مطابق انفلوئنزا سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن سب سے مؤثر ذریعہ ہے۔
عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ ہاتھوں کی باقاعدہ صفائی، کھانسی اور چھینک کے آداب کی پابندی، ماسک کا استعمال اور رش والی جگہوں سے گریز کیا جائے تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
ملک میں موسمی انفلوئنزا H3N2 کے کیسز میں تشویشناک اضافہ، این آئی ایچ کی ایڈوائزری جاری
Comments are closed.