سعد رضوی کا سراغ لگا لیا گیا، حکومت کا گرفتاری کیلئے علاقائی انتظامیہ سے رابطہ، 95 اکاؤنٹس بے نقاب

53 / 100 SEO Score

فوٹو :سوشل میڈیا 

لاہور : سعد رضوی کا سراغ لگا لیا گیا، حکومت کا گرفتاری کیلئے علاقائی انتظامیہ سے رابطہ، 95 اکاؤنٹس بے نقاب ہو گئے جس کے بعد پنجاب حکومت نے ان کی سیاسی جماعت تحریک لبیک پاکستان پر پابندی لگانے کی منظوری دے دی ہے.

پنجاب حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ سعد رضوی اور ان کے بھائی انس رضوی کا سراغ لگا لیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ دونوں رہنما مریدکے میں کریک ڈاؤن کے بعد آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) فرار ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے یہ معلومات اے جے کے انتظامیہ کو فراہم کر دی ہیں اور ان سے گرفتاری میں تعاون طلب کیا گیا ہے۔ یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ٹی ایل پی کے حلقوں میں سعد رضوی کی مبینہ گرفتاری سے متعلق قیاس آرائیاں گردش کر رہی تھیں۔

اہلکاروں کا کہنا ہے کہ کریک ڈاؤن کے بعد پنجاب پولیس اور دیگر اداروں کے سینئر افسران کی خصوصی ٹیمیں سعد رضوی اور ان کے بھائی کو تلاش کرنے کے لیے تعینات کی گئیں۔ انہیں آخری بار مریدکے کے احتجاجی کیمپ سے پیدل جاتے اور بعد ازاں موٹر سائیکل پر روانہ ہوتے دیکھا گیا۔ ایک ہنگامی پیغام بھی جاری کیا گیا، لیکن دونوں بھائی اور ان کے ساتھی قانونی گرفت سے بچ نکلے۔ اس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے زخمی یا گرفتار ہونے سے متعلق مختلف افواہیں سامنے آنے لگیں۔

حکام کے مطابق خصوصی ٹیموں نے آخرکار دونوں رہنماؤں کی لوکیشن آزاد جموں و کشمیر میں ٹریس کی اور علاقائی حکومت سے ان کی گرفتاری کے لیے مدد مانگی گئی۔
اسی دوران پنجاب حکومت نے تحریک لبیک پاکستان پر باضابطہ پابندی کی سفارش کر دی ہے اور یہ سمری وفاقی حکومت کو بھجوا دی گئی ہے۔

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے بھی سعد رضوی کے نام سے رجسٹرڈ تقریباً 95 بینک اکاؤنٹس کی نشاندہی کی ہے، جن میں سے 15 اکاؤنٹس سود کی بنیاد پر چل رہے تھے۔ ایف آئی اے ان اکاؤنٹس کے مالیاتی لین دین کی مزید تفصیلات حاصل کرنے میں مصروف ہے۔

Comments are closed.