اسلام آباد میں مالم جبہ انٹرنیشنل ایڈوائزری بورڈ کے اعزاز میں عشائیہ، سیاحت اور علاقائی ترقی پر زور
فوٹو : پی آر
اسلام آباد: دارالحکومت اسلام آباد میں مالم جبہ انٹرنیشنل ایڈوائزری بورڈ کے اعزاز میں ایک شاندار عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس میں ملکی و غیرملکی معزز شخصیات، سفارت کاروں، سرمایہ کاروں اور سیاسی و سماجی رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کا مقصد پاکستان میں پائیدار سیاحت، سرمایہ کاری کے نئے مواقع اور علاقائی ترقی کے فروغ کے لیے اشتراکِ عمل کو بڑھانا تھا۔ عشائیے کا اہتمام سامسنز گروپ آف کمپنیز کی جانب سے کیا گیا، جو خیبر پختونخوا کے علاقے مالم جبہ میں عالمی معیار کی سیاحتی سہولیات کے قیام پر کام کر رہا ہے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی برطانوی جنرل سر پیٹرک سینڈرز نے اپنے خطاب میں پاکستان کی قدرتی خوبصورتی، عوام کی مہمان نوازی اور ملک میں پائیدار سیاحت کے بے پناہ امکانات کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ مالم جبہ اور اس جیسے دیگر علاقے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
چیف کوآپریٹ آفیسر سامسنز گروپ بیرسٹر منصور شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مالم جبہ پاکستان کا ایک دلکش پہاڑی مقام ہے جو نہ صرف سرمائی کھیلوں بلکہ سال بھر سیاحتی سرگرمیوں کے لیے بے حد موزوں ہے۔
انہوں نے کہا کہ گروپ کی ترجیح خطے میں ونٹر گیمز اور ایڈونچر ٹورزم کو فروغ دینا ہے تاکہ مقامی معیشت کو تقویت ملے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملاکنڈ جبہ انٹرنیشنل ایڈوائزری بورڈ عالمی ماہرین پر مشتمل ایک پلیٹ فارم ہے جو پاکستان میں سیاحت، ماحولیات کے تحفظ اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہا ہے۔
تقریب کے دوران مقررین نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ماڈل کو پاکستان میں پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرز کی کاوشیں نہ صرف ملکی معیشت کو مضبوط بنائیں گی بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت امیج کو بھی اجاگر کریں گی۔
عشائیے کے اختتام پر شرکاء نے مالم جبہ اور ملاکنڈ ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تعریف کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی سیاحت کو عالمی معیار تک پہنچانے کے لیے تمام فریقین کو مل کرکام کرنا ہوگا۔
اسلام آباد میں مالم جبہ انٹرنیشنل ایڈوائزری بورڈ کے اعزاز میں عشائیہ، سیاحت اور علاقائی ترقی پر زور
Comments are closed.