سعودی مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ 82 برس کی عمر میں انتقال کر گئے
فوٹو : سوشل میڈیا
الریاض : سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ انتقال کر گئے ہیں۔ وہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔ شیخ عبدالعزیز 30 نومبر 1943 کو مکہ مکرمہ میں پیدا ہوئے اور طویل عرصے تک مملکت میں دینی و علمی خدمات انجام دیتے رہے۔
گلف نیوز کے مطابق سعودی رائل کورٹ نے اعلان کیا ہے کہ سعودی مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ 82 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
سرکاری اعلامیہ کے مطابق خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے حکم دیا ہے کہ آج بعد نماز عصر مرحوم کی نمازِ جنازہ غائب مسجد الحرام (مکہ مکرمہ)، مسجد نبوی (مدینہ منورہ) اور مملکت کی تمام مساجد میں ادا کی جائے۔
اس کے علاوہ ریاض کی امام ترکی بن عبداللہ مسجد میں بھی عصر کے بعد شیخ آل الشیخ کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔
سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان نے مفتی اعظم کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت کی ہے۔
شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ سعودی عرب کے تیسرے مفتی اعظم تھے۔ اس سے قبل شیخ محمد بن ابراہیم آل الشیخ اور شیخ عبدالعزیز بن باز اس منصب پر فائز رہ چکے ہیں۔
آپ ہیئتِ کبار العلماء (علماء کی اعلیٰ کونسل) اور دارالافتا کے سربراہ بھی رہے اور وزیر کے درجے کا عہدہ بھی رکھتے تھے۔
وہ کم عمری ہی میں والد سے محروم ہو گئے تھے اور سن 1951 میں محض آٹھ برس کی عمر میں یتیم ہوگئے۔ بچپن ہی میں قرآن مجید حفظ کیا اور 20 سال کی عمر میں بینائی سے محروم ہوگئے۔
تاہم اس کے باوجود انہوں نے شریعت اسلامی میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور کئی جامعات میں علمی کونسلوں کے رکن رہے۔
شیخ عبدالعزیز آل الشیخ ریاض کی امام ترکی بن عبداللہ مسجد اور میدان عرفات کی مسجد نمرہ میں خطیب کے طور پر جانے جاتے تھے۔ انہیں سب سے زیادہ خطبہ حج دینے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
انہوں نے فقہ، عقیدہ، حلال و حرام جیسے موضوعات پر متعدد کتب تصنیف کیں، جن میں فتاویٰ کے مجموعے اور اسلامی عقائد سے متعلق تحریریں شامل ہیں۔ عالم اسلام میں ان کی علمی خدمات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔
سعودی عرب میں آل الشیخ خاندان مذہبی اور عدالتی اداروں میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔ شیخ عبدالعزیز آل الشیخ محمد بن عبدالوہاب (1703-1792) کی نسل سے تعلق رکھتے تھے اور گزشتہ ڈھائی سو برسوں سے یہ خاندان آل سعود حکمران خاندان کے ساتھ قریبی تعلقات اور بین الازدواجی رشتوں میں منسلک ہے۔
سعودی مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ 82 برس کی عمر میں انتقال کر گئے
Comments are closed.