چوہدری شجاعت کےباڈی بلڈنگ فیڈریشن کے چیئرمین بننے کی تردید آگئی
فوٹو : فائل
لاہور : چوہدری شجاعت کےباڈی بلڈنگ فیڈریشن کے چیئرمین بننے کی تردید آگئی، مسلم لیگ (ق) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و ترجمان مصطفیٰ ملک نے واضح کیا ہے کہ چوہدری شجاعت حسین پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے چیئرمین نہیں بنے۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کا سیاسی مقام اور مرتبہ بہت بلند ہے، انہیں ایسے عہدوں کی ضرورت نہیں۔
مصطفیٰ ملک کے مطابق آج پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے صدر اور پارٹی کے سیکرٹری جنرل طارق حسن نے اپنے وفد کے ہمراہ چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کی اور فیڈریشن کے مسائل و کامیابیوں سے آگاہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ چوہدری شجاعت حسین پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر رہ چکے ہیں جبکہ اب ان کے صاحبزادے چوہدری شافع حسین فیڈریشن کے صدر ہیں۔ شافع حسین کی سربراہی میں پاکستان نے کبڈی ورلڈ کپ میں بھارت کو تاریخی شکست دی تھی۔
ترجمان نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین اور ان کا خاندان کھیلوں کے فروغ میں ہمیشہ نمایاں کردار ادا کرتا رہا ہے۔ خبر کے متن میں غلط فہمی پیدا ہوئی اور لفظی غلطی سے غلط مطلب اخذ کیا گیا۔
اس سے قبل ایکسپریس کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ و سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے چیئرمین منتخب ہو گئے۔
گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم کی رہائش گاہ لاہور میں پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے صدر محمد طارق حسن اور سیکرٹری سہیل انور نے ملاقات کی۔
چوہدری شجاعت حسین نے ایشین باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں پہلی بار پانچ گولڈ میڈل لانے پر طارق حسن اور سہیل انور کو مبارکباد دی۔
طارق حسن نے کہا کہ ملک اور قوم کے لئے چوہدری شجاعت حسین کی خدمات لازوال ہیں جو فیڈریشن اور پاکستان کے باڈی بلڈرز کے لئے سود مند ثابت ہوسکتی ہیں۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں پاکستان کے ایتھلیٹ مزید میڈل لائیں اور ان کے مالی معاملات بھی بہتر ہو سکیں جس پر سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت نے رضا مندی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ قومی کھلاڑی قومی ہیروز ہوتے ہیں پاکستان ہمارا ملک ہے اور ہمیں پاکستانی ہونے پر فخر ہے۔
پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری سہیل انور کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم کے چیئرمین بننے سے ملک میں باڈی بلڈنگ کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے صدر بھی رہ چکے ہیں رہے.
Comments are closed.