آئی سی سی نے ایشیا کپ سے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹانے سے انکار کردیا
فوٹو : فائل
لاہور : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا مطالبہ مسترد کر دیا ہے اورآئی سی سی نے ایشیا کپ سے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹانے سے انکار کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے باضابطہ طور پر پی سی بی کو آگاہ کر دیا ہے کہ ان کے مؤقف کو تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔
اس پیش رفت کے بعد امکان ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ مستقبل کی حکمتِ عملی طے کرنے کے لیے حکومت سے مشاورت کرے گا۔
اس حوالے سے نجی ٹی وی جیونیوز نے بھی ذرائع کا حوالہ دے کر خبر دی ہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی آج اہم حکومتی عہدیداران سے ملاقات کریں گے تاکہ آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا جا سکے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ پی سی بی جلد ہی اس فیصلے پر اپنا مؤقف پیش کرے گا اور اگلے چند گھنٹوں میں ایشیا کپ میں پاکستان کی شرکت سے متعلق فیصلہ متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان کا مطالبہ نہ مانا گیا تو ٹیم کے ٹورنامنٹ سے دستبرداری کا امکان بھی موجود ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھارتی کرکٹ ویب سائٹس نے دعویٰ کیا تھا کہ آئی سی سی نے گزشتہ رات ہی پی سی بی کو مطلع کر دیا تھا کہ اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹانے کی درخواست مسترد کردی گئی ہے۔
پاکستان نے حالیہ "ہینڈ شیک تنازعے” کے بعد میچ ریفری کو ایشیا کپ سے ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔
Comments are closed.