دریائے سندھ اور چناب میں سیلابی صورتحال برقرار، گڈو بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب
فوٹو : سوشل میڈیا
سکھر:فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال برقرار ہے اور گڈو، سکھر اور کوٹری بیراج پر پانی کی آمد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گڈو بیراج پر اس وقت اونچے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاؤ بڑھ کر 5 لاکھ 61 ہزار کیوسک ہوگیا ہے۔ سکھر بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔
وہاں پانی کی آمد 4 لاکھ 80 ہزار کیوسک تک جا پہنچی ہے۔ کوٹری بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جہاں بہاؤ 2 لاکھ 71 ہزار کیوسک نوٹ کیا گیا۔
مزید بتایا گیا کہ دریائے سندھ میں کوٹ مٹھن (راجن پور) اور چاچڑاں شریف کے مقام پر پانی کی آمد میں معمولی کمی دیکھی گئی ہے اور سطح اب 11.5 فٹ پر آگئی ہے۔
فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے چناب میں ہیڈ پنج ند پر بہاؤ میں کمی کا سلسلہ جاری ہے لیکن اب بھی وہاں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب موجود ہے، جہاں پانی کا بہاؤ تقریباً 4 لاکھ 60 ہزار کیوسک ہے۔
اسی طرح دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا اور ہیڈ اسلام پر درمیانے درجے کا جبکہ ہیڈ سلیمانکی پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دریائے راوی میں ہیڈ سدھنائی پر بہاؤ میں مزید کمی آئی ہے اور یہ اب نچلے درجے کے سیلاب میں تبدیل ہو گیا ہے۔
دریائے سندھ اور چناب میں سیلابی صورتحال برقرار، گڈو بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب
Comments are closed.