فیلڈ مارشل عاصم منیر کا قصور،جلالپور پیروالا کے فلڈ ریلیف کیمپوں کا دورہ، سول و فوجی تعاون پر زور
فوٹو : آئی ایس پی آر
قصور ،ملتان : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قصور سیکٹر اور ملتان کی تحصیل جلالپور پیروالا میں قائم فلڈ ریلیف کیمپوں کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران انہوں نے حالیہ سیلابی صورتحال اور جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
چیف آف آرمی اسٹاف کو اس موقع پر زمینی صورتحال اور ریسکیو و ریلیف آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیف سیکرٹری پنجاب سمیت سول انتظامیہ کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سول انتظامیہ سے گفتگو میں کہا کہ اچھی طرزِ حکمرانی اور عوام دوست ترقی وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور سیلاب سے بچاؤ کے اقدامات کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ ہر سال انسانی جانوں اور املاک کے نقصان کو روکا جا سکے۔
آرمی چیف نے سیلاب متاثرین سے ملاقات کی جنہیں پاک فوج اور سول انتظامیہ نے محفوظ مقامات پر منتقل کیا تھا۔ متاثرین نے مشکل وقت میں فوری مدد پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔
فیلڈ مارشل نے ریلیف آپریشن میں شریک پاک فوج کے جوانوں، ریسکیو 1122 اور پولیس اہلکاروں سے بھی ملاقات کی اور ان کے بلند حوصلے اور انتھک عزم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں قوم کی خدمت کے لیے سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر ان کی شب و روز کی کاوشیں لائقِ ستائش ہیں۔
بعدازاں، فیلڈ مارشل نے لاہور-قصور اور ملتان-جلالپور پیروالا کے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا تاکہ نقصانات کے پیمانے اور جاری امدادی سرگرمیوں کا براہِ راست مشاہدہ کیا جا سکے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا قصور،جلالپور پیروالا کے فلڈ ریلیف کیمپوں کا دورہ، سول و فوجی تعاون پر زور
Comments are closed.