ہلالِ احمر نے سیلاب متاثرین کیلئے ہیومینٹیرین اپیل لانچ کردی
فوٹو : پی آر
اسلام آباد (وقار فانی) ─ ہلالِ احمر پاکستان نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے اپنے اسٹیک ہولڈرز اور موومنٹ پارٹنرز کے اشتراک سے ہیومینٹیرین اپیل باضابطہ طور پر لانچ کردی۔ اس سلسلے میں نیشنل ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں تقریب منعقد ہوئی۔
چیئرپرسن ہلالِ احمر محترمہ فرزانہ نائیک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک بار پھر تباہ کن مون سون سیزن کا سامنا کر رہا ہے اور حالیہ بارشوں نے ایک بڑے انسانی بحران کو جنم دیا ہے جو وسیع انسانی ہمدردی کا متقاضی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہلالِ احمر کی ٹیمیں تمام متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں اور متاثرین کو پکا پکایا کھانا، عارضی پناہ گاہیں، خشک راشن، طبی سہولیات اور امدادی سامان فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ موبائل ہیلتھ ٹیمیں بھی متحرک ہیں۔ پینے کے صاف پانی کے پلانٹس متاثرین کو روزانہ کی بنیاد پر سہولت فراہم کر رہے ہیں۔
اُنہوں نے موومنٹ پارٹنرز، اسٹیک ہولڈرز، انٹرنیشنل فیڈریشن اور انٹرنیشنل کمیٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اپیل کا مقصد متاثرہ علاقوں میں ریسپانس اور بحالی کے عمل کو تیز اور مؤثر بنانا ہے۔
اس سے قبل سیکرٹری جنرل ہلالِ احمر پاکستان محمد عبیداللہ خان نے افتتاحی کلمات میں کہا کہ بطور لیڈنگ آرگنائزیشن ہلالِ احمر اپنی استطاعت کے مطابق سیلاب متاثرین کی خدمت کر رہا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اس سفر کو وسعت دینے کے لیے مزید تعاون ناگزیر ہے۔
تقریب میں انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اینڈ ریڈ کریسنٹ کے پاکستان میں ہیڈ آف ڈیلیگیشن فرید عبدالقادر، امریکی سفارتخانے کی نمائندہ، مختلف ممالک کے سفارتکار، ترکش ریڈکریسنٹ، جرمن ریڈکراس، نارویجن ریڈکراس کے نمائندے، سول سوسائٹی کی شخصیات اور ہلالِ احمر کے رضاکار و اسٹاف بھی شریک تھے۔
اس موقع پر سیلاب متاثرہ علاقوں پر مبنی ڈاکومنٹری بھی پیش کی گئی۔
ہلالِ احمر نے سیلاب متاثرین کیلئے ہیومینٹیرین اپیل لانچ کردی
Comments are closed.