پنجاب کے دریاؤں میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب، 41 لاکھ سے زائد افراد متاثر، 56 جاں بحق

پنجاب کے دریاؤں میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب، 41 لاکھ سے زائد افراد متاثر، 56 جاں بحق
50 / 100 SEO Score

فوٹو : فائل 

گجرات  :ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے دریاؤں میں سیلابی صورتحال برقرار ہے۔ دریائے ستلج گنڈا سنگھ والا کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 11 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

سلیمانکی کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب اور بہاؤ 1 لاکھ 38 ہزار کیوسک ہے، جبکہ دریائے چناب مرالہ پر پانی کا بہاؤ 84 ہزار کیوسک ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق دریائے چناب میں خانکی ہیڈ ورکس پر 1 لاکھ 42 ہزار کیوسک اور قادر آباد کے مقام پر 1 لاکھ 41 ہزار کیوسک پانی موجود ہے۔

ہیڈ تریموں پر پانی کا بہاؤ خطرناک حد تک بڑھ کر 5 لاکھ 43 ہزار کیوسک ہو چکا ہے۔ دریائے راوی جسڑ پر نچلے درجے اور شاہدرہ پر اونچے درجے کا سیلاب ہے جبکہ بلوکی ہیڈ ورکس پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب اور پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 48 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے خبردار کیا ہے کہ 9 ستمبر تک دریاؤں راوی، ستلج اور چناب میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے، کیونکہ بالائی علاقوں میں مسلسل بارشوں کے باعث پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافہ متوقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے تحت تمام محکمے الرٹ ہیں اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

سی پی او ملتان کے مطابق جلال پور پیر والا میں صورتحال بگڑنے پر پاک فوج کی مدد طلب کر لی گئی ہے، جہاں ریسکیو آپریشن میں پاک فوج کی 14 کشتیاں، ریسکیو 1122 کی 8 کشتیاں اور پولیس کی 5 پرائیویٹ کشتیاں شریک ہیں۔

مجموعی طور پر 27 کشتیاں متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہیں۔ موضع بیٹ ملانوالی میں فلڈ بند ٹوٹنے سے متعدد بستیاں زیر آب آگئیں اور سیکڑوں افراد درختوں پر پناہ لینے پر مجبور ہوگئے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ گجرات میں شدید بارش کے باعث پچھلے 24 گھنٹوں سے ہنگامی صورتحال ہے، تاہم بیشتر سڑکوں سے پانی نکال دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہیڈ تریموں پر پانی کا بہاؤ 5 لاکھ 83 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے جو اگلے 18 گھنٹوں میں 6 لاکھ کیوسک سے تجاوز کر سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں اب تک 25 اضلاع متاثر ہو چکے ہیں، 41 لاکھ 51 ہزار سے زائد افراد کی زندگیوں پر اثر پڑا ہے۔

اب تک 20 لاکھ 20 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ 60 سے 70 ہزار متاثرین ریلیف کیمپس میں مقیم ہیں۔ اب تک 56 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

پنجاب کے دریاؤں میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب، 41 لاکھ سے زائد افراد متاثر، 56 جاں بحق

Comments are closed.