مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے ملک میں مزید صوبے بنانے کی حمایت کردی
فوٹو : فائل
اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے ملک میں مزید صوبے بنانے کی حمایت کردی ہے اس کے ساتھ ساتھ انھوں نے پانی کے ذخائر بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیاہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے ملک میں نئے صوبے بنانے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے قومی سطح پر جاری بحث ایک مثبت عمل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے بنانے پر قومی بحث کے بعد حتمی فیصلہ ہونا چاہیے، دنیا بھر میں صوبے یا ریاستیں بنتی رہتی ہیں، لہٰذا اگر پاکستان میں بھی نئے صوبے قائم ہو جائیں تو اس میں کوئی مضائقہ نہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام سے نچلی سطح پر سیاسی قیادت ابھرے گی اور ملک میں ڈی سینٹرلائزیشن کا عمل آگے بڑھے گا۔
آبی ذخائر سے متعلق بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ بڑے ڈیم بنانے پر تنازع موجود ہے اور ان کی تعمیر میں کم از کم سات سال لگتے ہیں، جبکہ سیلاب کا خطرہ ہر سال درپیش رہتا ہے۔ اس لیے ہمیں چھوٹے ڈیم بنانے چاہئیں جو کم وقت میں مکمل ہو سکیں اور زیادہ علاقوں کو فائدہ پہنچائیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں آبی ذخائر تعمیر کیے جاتے ہیں، اور پاکستان میں بھی بارانی علاقوں خصوصاً سیالکوٹ جیسے علاقوں میں ڈیم بنانے چاہئیں۔ تاہم اگر ماہرین بڑے ڈیم کو ناگزیر سمجھیں تو ان پر بھی کام کیا جانا چاہیے۔
Comments are closed.