افغان مہاجرین کی واپسی فی الفور روکی جائے، خیبرپختونخوا مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف
فوٹو : فائل
پشاور :خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ انسانی ہمدردی اور خیر سگالی کے جذبے کے تحت افغان مہاجرین کی واپسی کے عمل کو فوری طور پر روک دینا چاہیے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ افغانستان اس وقت تباہ کن زلزلے کے شدید نقصانات سے دوچار ہے اور غربت کے شکار ملک کے لیے مہاجرین کی واپسی کا بوجھ برداشت کرنا کسی صورت ممکن نہیں۔ ان کے مطابق حالیہ زلزلے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں بڑی تعداد انہی افراد کی ہے جو واپسی کے عمل سے گزر رہے تھے۔
بیرسٹر سیف نے زور دیا کہ ایسے نازک حالات میں افغانستان کو مزید مشکلات میں دھکیلنا درست نہیں، بلکہ اس کی مدد کی جانی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ غربت اور تباہی کے شکار ملک پر مہاجرین کی واپسی کا دباؤ ڈالنا نہ صرف غیر انسانی بلکہ اخلاقی طور پر بھی غلط ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت افغانستان کو بھرپور تعاون اور مدد کی ضرورت ہے اور ایک پڑوسی و مسلمان ملک ہونے کے ناطے پاکستان پر یہ سب سے بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ ان کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت اپنے وسائل سے بڑھ کر افغان زلزلہ متاثرین کی مدد کر رہی ہے۔
مشیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے افغان سفیر سے ملاقات میں متاثرین کے لیے صحت کی مفت سہولیات سمیت ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، جب کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر 35 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان افغان حکام کے حوالے کیا جا چکا ہے۔
افغان مہاجرین کی واپسی فی الفور روکی جائے، خیبرپختونخوا مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف
Comments are closed.